28 اگست تک جموں،سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک نقل و حرکت کے نئے اوقات نافذ
سرینگر// امرناتھ جی یاترا 2026 کے پیش نظر جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے 2 جولائی سے 28 اگست 2026 تک نافذ العمل رہنے والی جامع ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے جموں،سرینگر قومی شاہراہ پر یاتری قافلوں اور عام ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے نئے اوقات کار اور مختلف مقامات پر کٹ آف ٹائمنگ کا اعلان کیا ہے۔یو این ایس کے مطابق ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز جموں/سرینگر کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق یاترا کے دوران یاتری قافلوں کی محفوظ، منظم اور بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے قومی شاہراہ پر عام ٹریفک کی نقل و حرکت کو مقررہ اوقات کے مطابق منظم کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ایجنسیاں یاترا کے دوران ٹریفک کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے باہمی رابطے میں کام کریں گی۔ایڈوائزری کے مطابق بالہ تل روٹ پر جانے والے یاتری قافلے روزانہ صبح 4 بجے جموں سے روانہ ہوں گے، جبکہ بانہال سے صبح 10 بجے اور منی گام (گاندربل) سے شام 5 بجے قافلوں کی روانگی ہوگی۔ واپسی پر بال تل سے جموں کی جانب قافلے صبح 6 بجے روانہ ہوں گے، جبکہ بانہال سے صبح 11:30 بجے اور گاندربل سے صبح 9 بجے کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت کو منظم کیا جائے گا۔اسی طرح پہلگام روٹ پر یاتری قافلے روزانہ صبح 4:15 بجے جموں سے روانہ ہوں گے جبکہ بانہال سے صبح 10:45 بجے پہلگام کی جانب روانگی ہوگی۔ واپسی پر پہلگام سے جموں کے لیے قافلے صبح 6 بجے روانہ ہوں گے جبکہ ننواں سے صبح 6:30 بجے اور بانہال سے صبح 8 بجے جموں کی جانب ٹریفک کی نقل و حرکت جاری رہے گی۔یو این ایس کے مطابق ٹریفک پولیس نے نَو یوگ ٹنل، میر بازار، منی گام، شادی پور، سمبل، لاسی پورہ، پنتھا چوک، قاضی گنڈ اور دیگر اہم مقامات پر غیر یاتری گاڑیوں کے لیے مختلف کٹ آف ٹائمنگ مقرر کی ہیں۔ ان مقامات سے مقررہ وقت گزرنے کے بعد کسی بھی گاڑی کو آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ یاتری قافلوں کی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔ایڈوائزری کے تحت جموں سے کشمیر اور کشمیر سے جموں جانے والی غیر یاتری گاڑیوں، سیاحتی گاڑیوں اور مقامی ٹریفک کے لیے بھی الگ الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ چیک پوائنٹس پر مقررہ وقت کے بعد گاڑیوں کو روک دیا جائے گا اور انہیں اگلے مرحلے کی اجازت کا انتظار کرنا ہوگا۔پولیس نے بتایا کہ یاترا کے دوران قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام مسافروں، ٹرانسپورٹروں اور سیاحوں سے تعاون کی توقع ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے قبل تازہ ترین ٹریفک صورتحال معلوم کریں اور جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی معلومات، مدد یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹس اور ہیلپ لائن نمبروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ حکام نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عوام کے تعاون سے شری امرناتھ یاترا 2026 کے دوران ٹریفک کا نظام خوش اسلوبی سے برقرار رکھا جا سکے گا۔










