سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے گیارہ سال مکمل ہونے پر اسے ملک کی ترقی، شفاف طرز حکمرانی اور عوامی بااختیاری کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مہم نے بھارت کو عالمی سطح پر نئی شناخت دلائی ہے اور ٹیکنالوجی کو عوامی زندگی کا لازمی حصہ بنا دیا ہے۔یو این ایس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ گیارہ برسوں کے دوران ڈیجیٹل انڈیا نے نہ صرف حکمرانی کے انداز کو تبدیل کیا بلکہ عوام کو بااختیار بنانے اور ہمہ جہت ترقی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں، براہ راست مالی امداد (ڈی بی ٹی) کی شفاف تقسیم اور مضبوط ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر نے عوام کی زندگی کو آسان بنایا ہے۔مودی نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا کی بدولت اختراعات کا دائرہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہا بلکہ دیہی علاقوں، دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں تک بھی پھیل گیا ہے، جہاں نوجوان کاروباری افراد، اسٹارٹ اپس اور اختراع کار نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے مختلف شعبوں میں مسائل کا حل پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے تعلیم، صحت، زراعت، تجارت اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور قابل رسائی بنایا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم کمپیوٹنگ اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں بھارت کی پیش رفت کو بھی نئی رفتار ملی ہے۔وزیر اعظم کے مطابق حکومت کا ہدف ایسی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے جو انسانیت کی خدمت کرے، ہر شہری کو بااختیار بنائے اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا ایک ترقی یافتہ اور خود انحصار بھارت کی مضبوط بنیاد بن چکا ہے اور اس نے غریب اور پسماندہ طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سرکاری حکام کے مطابق 2015 سے قبل بیشتر سرکاری خدمات کے حصول کے لیے عوام کو طویل قطاروں، کاغذی کارروائی اور محدود رابطہ سہولیات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا اور متعدد سرکاری خدمات آن لائن دستیاب ہوئیں۔یو این ایس کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی میں ڈیجیٹل انڈیا ملک کی ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کی بنیاد بن چکا ہے۔ بھارت اس وقت دنیا میں ریئل ٹائم ڈیجیٹل ادائیگیوں میں سرفہرست ہے اوریونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) کے ذریعے دنیا بھر میں ہونے والے ریئل ٹائم ڈیجیٹل لین دین کا تقریباً 49 فیصد حصہ انجام دیا جا رہا ہے۔










