upender diviadi

مستقبل کی جنگیں مشترکہ اور تھیٹر کمانڈ پر مبنی ہوں گی

تینوں افواج کا باہمی اشتراک ہی مستقبل کی جنگی حکمت عملی کی بنیاد ہوگا: جنرل دویدی

سرینگر// بھارتی فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہجنرل اوپیندر دویدی نے کہا ہے کہ مستقبل کی جنگیں زیادہ مربوط، مشترکہ اور تھیٹر کمانڈ کے تصور پر مبنی ہوں گی، اس لیے مسلح افواج کی سمت واضح ہے کہ وہ “مل کر صورتحال کا جائزہ لیں، مل کر فیصلے کریں اور مل کر کارروائی کریں”۔یو این ایس کے مطابق منگل کو جنوبی بلاک میں منعقدہ الوداعی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل دویدی نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے طور پر اپنی مدت مکمل کرتے ہوئے انہیں فخر، اطمینان اور شکرگزاری کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینک اسکول سے شروع ہونے والا ان کا سفر بھارتی فوج کی قیادت تک پہنچا، جو ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔جنرل دویدی، جنہوں نے جون 2024 میں بھارتی فوج کے 30ویں چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، نے کہا کہ بھارتی فوج کی اصل طاقت کسی ایک فرد میں نہیں بلکہ فوجیوں، کمانڈروں، سابق فوجیوں، ان کے اہل خانہ اور عوام کے غیر متزلزل اعتماد میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے فوجیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔اس سے قبل انہوں نے نیشنل وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھا کر ملک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔جنرل دویدی نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بھارتی فوج نے تمام محاذوں پر اپنی آپریشنل تیاری کو مزید مضبوط بنایا۔ ان کے مطابق شمالی سرحد پر آپریشن سنو لیپرڈ کے تحت فوج پوری مستعدی سے تعینات ہے، جبکہ مغربی سرحد پر بھی فوج نے مکمل تیاری کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دیں، جس کی مثال آپریشن سندور ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیے گئے آپریشن سندور کے دوران بری فوج، بحریہ اور فضائیہ نے مکمل ہم آہنگی اور اشتراک کے ساتھ کارروائی کی، جس سے تینوں افواج کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوا۔جنرل دویدی نے کہا کہ مستقبل میں جنگوں کی نوعیت تبدیل ہوگی اور مشترکہ آپریشنز، جدید ٹیکنالوجی اور تھیٹر کمانڈ کا کردار مزید اہم ہو جائے گا، اس لیے افواج کو مشترکہ سوچ اور مشترکہ کارروائی کے اصول پر آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران فوج کی جدید کاری، فورس اسٹرکچر میں اصلاحات، نئی ٹیکنالوجی کے استعمال، مشترکہ آپریشنز اور انسانی وسائل کے بہتر انتظام پر تیزی سے کام کیا گیا ہے۔سبکدوش آرمی چیف نے اپنے جانشین جنرل دھیرج سیٹھکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار فوجی اور قابل رہنما ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں بھارتی فوج اپنی پیشہ ورانہ روایات کو مزید مضبوط بناتے ہوئے نئی کامیابیاں حاصل کرے گی۔بھارتی فوج نے بھی جنرل اوپیندر دویدی کی چار دہائیوں پر محیط فوجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت، بے لوث خدمات اور قومی سلامتی کے لیے عزم بھارتی فوج کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔