زائد اَز 26.5 کروڑ روپے مالیت کے منصوبے ویسٹ واٹر مینجمنٹ اور شہری صفائی نظام کو مضبو ط بنائیں گے
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر میں سیوریج کے دو بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جن کا مقصد شہر میں گندے پانی کی صفائی کی سہولیات کو مضبوط اور شہری صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ان منصوبوں میں براری نمبل سری نگر میں 17.08 ایم ایل ڈِی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) کی توسیع اور اپ گریڈیشن شامل ہے جس پر 12 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اِس کے علاوہ چھتہ بل سری نگر میں 2.5 ایم ایل ڈِی صلاحیت کے نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر اور 3.95 کلومیٹر طویل سیور لائنوں کی تنصیب جس کی تخمینی لاگت 14.54 کروڑ روپے ہے۔یہ منصوبے محکمہ مکانات و شہری ترقی کے تحت اربن انوائرمنٹل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ (یو اِی اِی ڈی) کشمیر کی جانب سے کیپکس پروگرام کے تحت عمل میں لائے جا رہے ہیں۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا بالخصوص سیوریج اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ دیرپا ترقی اور بہتر معیارِ زِندگی کو یقینی بنایا جاسکے ۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبے سیوریج ٹریٹمنٹ کی گنجائش کو نمایاں طور پر بڑھائیں گے، ماحولیاتی حالات کو بہتر بنائیں گے اور سری نگر اور اس کے گرد و نواح میں موجود آبی ذخائر کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔براری نمبل منصوبے کے تحت موجودہ سیوریج ٹریٹمنٹ انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ اس کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور شہر میں بڑھتی ہوئی ویسٹ واٹر مینجمنٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔چھتہ بل منصوبے میں ایک نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ(ایس ٹی پی) اور وسیع سیور نیٹ ورک کی تعمیر شامل ہے جس سے علاقے میں صفائی ستھرائی کی سہولیات بہتر ہوں گی اور غیر صاف شدہ ویسٹ واٹر کو نالوں میں بہنے سے روکا جا سکے گا۔سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریبات میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،رُکن قانون ساز اسمبلی حبہ کدل شمیم فردوس، ممبر اسمبلی خانیار علی محمد ساگر، ممبر قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق، ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، کمشنر سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی مندیپ کور، محکمہ کے سینئر اَفسران اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔توقع ہے کہ یہ منصوبے سری نگر کے شہری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی لحاظ سے دیرپا ویسٹ واٹر مینجمنٹ کے طریقوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔










