ریاستی حیثیت ، معیشت اور ترقی کے مسائل اٹھائے
نئی دہلی//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے نئی دہلی میں وزیر اعظم شری نریندر مودی سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر سے متعلق کئی اہم مسائل بشمول ریاست کی جلد بحالی ، اقتصادی صورتحال اور جموں و کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے ریاست کی جلد بحالی کیلئے جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں سے آگاہ کیا ، اس بات پر زور دیا کہ یہ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے ، عوامی شراکت کو گہرا کرنے اور خطے کی ترقی کے اگلے مرحلے کو آگے بڑھانے میں ایک اہم قدم ہو گا ۔ انہوں نے درخواست کی کہ اس عمل کو جلد از جلد آگے بڑھایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو جموں و کشمیر کی اقتصادی رفتار اور کلیدی شعبوں میں جاری ترقیاتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی تخلیق ، عوامی خدمات کی فراہمی اور فلاحی اقدامات میں حاصل ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالی ، ساتھ ہی ان شعبوں کا خاکہ بھی پیش کیا جن کیلئے مستقل حمایت اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں اقتصادی ترقی کو تیز کرنے ، کنیکٹیویٹی کو مضبوط کرنے ، روز گار کے مواقع پیدا کرنے ، بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے اور عوامی فلاح و بہبود کو بڑھانے کیلئے حکومت ہند کی طرف سے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے خطے کی پن بجلی کی صلاحیت کے بھر پور استعمال ، سیب کے آنے والے سیزن اور سرینگر ہوائی اڈے کی طے شدہ بندش کے پیش نظر اودھمپور ۔ سرینگر لائن پر ریل خدمات میں اضافہ ، نئے سیاحتی سرکٹس کی ترقی اور جموں و کشمیر کے کسانوں ، کاریگروں اور ایم ایس ایم ایز کیلئے مسلسل حمایت پر خصوصی توجہ مبذول کرائی ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے کہا ’’ جموں و کشمیر ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں ایک مکمل اور نتیجہ خیز شراکت دار بننے کیلئے پرعزم ہے ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی جلدبحالی ، حکومت ہند کی مسلسل حمایت کے ساتھ جامع ترقی ، خوشحالی اور اچھی حکمرانی کی طرف جموں و کشمیر کے مارچ کو مزید تقویت دے گی ۔










