ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے چوتھے لیوینڈر فیسٹیول 2026 کا افتتاح کیا

بھدرواہ//دو روزہ چوتھے لیوینڈر فیسٹیول 2026 کا آج گورنمنٹ ڈگری کالج ( جی ڈی سی ) بھدرواہ میں ’’ لیوینڈر گوز گلوبل ‘‘ تھیم کے تحت افتتاح کیا گیا ۔ اس میلے کا افتتاح مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارتھ سائینسز ( آزادانہ چارج ) ، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت اور صنعتی تحقیق کی کونسل ( سی ایس آئی آر ) کے نائب صدر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیا ۔ پروگرام کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد رسمی چراغاں کیا گیا ۔ سی ایس آئی آر ۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹو میڈیسن کے زیر اہتمام یہ تہوار وادی چناب کے علاقے میں لیوینڈر مشن اور پرپل انقلاب کی شاندار کامیابی کا جشن مناتا ہے ۔ کسانوں ، طلباء ، سائنسدانوں ، کاروباری افراد اور عوام کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر میں جامنی انقلاب کے تبدیلی کے اثرات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ نے لیوینڈر کی کاشت کے ذریعے ایک الگ شناخت حاصل کی ہے ۔ ویلیو ایڈیشن ، ایگری اسٹارٹ اپس ، انٹر پرنیور شپ اور عالمی منڈی کے رابطوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں اور کسدانوں کی کامیابی لیوینڈر کی کاشت کی بے پناہ صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے بھدرواہ میں لیوینڈر ٹورازم کے ابھرنے پر بھی روشنی ڈالی اور لیوینڈر پر مبنی مصنوعات کے عالمی نقش کو مزید وسعت دینے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ بعد میں وزیر نے ترقی پسند کسانوں ، کاروباری افراد ، میڈیا پرسنز اور اسٹیک ہولڈرز کو لیوینڈر کی کاشت کو فروغ دینے میں ان کی اہم شراکت کیلئے مبارکباد دی ۔ اس موقع پر موجود دیگر افراد کے علاوہ سی ایس آئی آر کے ڈائریکٹر جنرل این کلیسلوی ، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ، ڈائریکٹر سی ایس آئی آر ، آئی آئی آئی ایم جموں ، صدر بی سی سی آئی ، ایم ایل اے ڈوڈہ ویسٹ ، ایم ایل اے بھدرواہ ، ایس ایس پی ڈوڈہ ، ممتاز سائنسدان ، محققین ، افسران ، عوامی نمائندے اور دیگر معززین شامل تھے ۔