آرٹیکل 370 کا مسئلہ ہمیشہ زندہ رہے گا، نا قابل فراموش// فاروق عبداللہ
سرینگر// یو این ایس// نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت 8 جون کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والے انڈیا اتحاد کے اجلاس میں شرکت کرے گی اور اتحاد کا فعال حصہ ہونے کے ناطے اپنی موجودگی یقینی بنائے گی۔سرینگر کے درگاہ حضرت بل میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ انڈیا اتحاد کا اجلاس طے شدہ پروگرام کے مطابق منعقد ہوگا اور نیشنل کانفرنس کی نمائندگی یا تو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کریں گے یا وہ خود اجلاس میں شریک ہوں گے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا، ’’اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ عمر عبداللہ یا میں، ہم دونوں میں سے کوئی ایک ضرور جائے گا۔ ظاہر ہے ہم اس اتحاد کا حصہ ہیں اور اجلاس میں ہماری شرکت یقینی ہے۔‘‘ایک سوال کے جواب میں، جس میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کے اس بیان کا حوالہ دیا گیا تھا کہ آرٹیکل 370 کو ’’دفن‘‘ کر دیا گیا ہے، فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے مسئلے کو ہمیشہ زندہ رکھے گی۔انہوں نے کہا، ’’جس دن ہم سب کشمیر کی سرزمین میں دفن ہو جائیں گے، اسی دن آرٹیکل 370 بھی دفن ہوگا۔ اس سے پہلے نہیں۔‘‘فاروق عبداللہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس ریاستی درجے کی بحالی اور جموں و کشمیر کے آئینی حقوق کے معاملے پر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اس کے تمام اراکینِ اسمبلی ریاستی درجے اور خصوصی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کے حق میں نئی دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی بحالی کے لیے سیاسی اور آئینی سطح پر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔سیاسی مبصرین کے مطابق 8 جون کو ہونے والا انڈیا اتحاد کا اجلاس آئندہ سیاسی حکمت عملی اور مختلف قومی و علاقائی مسائل پر اپوزیشن جماعتوں کے مؤقف کے تعین کے حوالے سے اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔










