6.67 لاکھ سے زائد خانوادوں نے آن لائن تفصیلات درج کیں، ملک بھر میں آٹھواں مقام حاصل
سرینگر// جموں و کشمیر نے مردم شماری 2027 کے خود اندراج (سیلف اینیومریشن) مرحلے میں تمام مرکزی زیر انتظام علاقوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ملک کی ریاستوں اور یوٹیز میں مجموعی طور آٹھواں مقام حاصل کیا ہے۔ چیف پرنسپل مردم شماری افسر امت شرما نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے 6 لاکھ 67 ہزار 517 خانوادوں نے سرکاری پورٹل کے ذریعے رضاکارانہ طور اپنی معلومات درج کی ہیں، جبکہ لداخ میں 7 ہزار 9 خانوادوں نے خود اندراج مکمل کیا۔یو این ایس کے مطابق چیف پرنسپل مردم شماری افسر امت شرما نے کہا کہ پیر سے شروع ہونے والے ہاؤس لسٹنگ آپریشنز سے قبل خود اندراج کے مرحلے میں عوامی شرکت انتہائی حوصلہ افزا رہی۔ انہوں نے بتایا کہ پلوامہ، جموں اور کولگام اضلاع میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جبکہ لداخ کے لیہہ اور کرگل اضلاع کے باشندوں نے بھی قابلِ ذکر تعاون کیا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ، مردم شماری عملے، میڈیا اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والے ہاؤس لسٹنگ آپریشن کے دوران مردم شماری کے عملے اور سپروائزروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے میں رہائشی مکانات، بنیادی سہولیات اور زندگی کے حالات سے متعلق معلومات جمع کی جائیں گی۔یو این ایس کے مطابق امت شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 23 ہزار 600 سے زائد ہاؤس لسٹنگ بلاکس جبکہ لداخ میں 567 بلاکس کی حد بندی اور جیو ٹیگنگ کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری عمل کو مؤثر بنانے کیلئے ماسٹر ٹرینرز، فیلڈ ٹرینرز، اینیومریٹروں اور سپروائزروں کی وسیع پیمانے پر تربیت دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں 27 ہزار سے زائد مردم شماری کٹس اور لداخ میں تقریباً 800 کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں تاکہ فیلڈ سرگرمیوں کو آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے درست معلومات فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حاصل ہونے والے اعداد و شمار فلاحی اسکیموں کی منصوبہ بندی اور مؤثر عمل درآمد میں معاون ثابت ہوں گے۔چیف پرنسپل مردم شماری افسر نے یقین دہانی کرائی کہ مردم شماری کے دوران جمع کی جانے والی تمام معلومات مردم شماری ایکٹ 1948 کے تحت مکمل طور محفوظ اور خفیہ رہیں گی اور انہیں صرف شماریاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی فرد کی معلومات کسی ادارے یا ایجنسی کے ساتھ شیئر نہیں کی جائیں گی۔اس موقع پر پریس انفارمیشن بیورو جموں کی ڈائریکٹر نہا جلالی نے کہا کہ مردم شماری 2027 ملک کی پہلی مکمل ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی، جس میں موبائل ایپ پر مبنی ڈیٹا جمع کرنے کے ساتھ ذات پر مبنی شمار بھی شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤس لسٹنگ اور ہاؤسنگ آپریشنز کے ذریعے مکانات، خاندانوں، رہائشی حالات اور خاندانی ڈھانچے سے متعلق معلومات جمع کی جائیں گی، جو مستقبل کی ترقیاتی منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کریں گی۔نہا جلالی نے میڈیا اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری 2027 سے متعلق مستند معلومات کی تشہیر اور آگاہی میں اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ یہ قومی مشق کامیابی سے مکمل ہو سکے۔










