سری نگر//ممبر قانون ساز اسمبلی ریاسی کلدیپ راج دوبے نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور اَپنے حلقے میں مختلف ترقیاتی مسائل اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔دورانِ ملاقات ممبر اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو حلقہ رِیاسی سے متعلق متعدد ترجیحی مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مسائل کوبھی اُجاگر کیا اور ان کے بروقت حل کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔وزیر اعلیٰ نے اُٹھائے گئے مسائل کوبغور سُنا اور ممبر اسمبلی کی جانب سے پیش کئے گئے معاملات پر مناسب غور کرنے کا یقین دِلایا۔دریں اثنا پروفیشنل گالف ٹور آف اِنڈیا (پی جی ٹی آئی) کے ایک وفد جس کی قیادت اس کے چیف بزنس آفیسر وکاس سنگھ کر رہے تھے، نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو کشمیر میں گالف ٹورنامنٹس کے اِنعقاد کے اَپنے منصوبوں سے آگاہ کیا اور خطے میں گالف کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔ وفد نے انہیں پی جی ٹی آئی کی سرگرمیوں اور ملک بھر میں اس کھیل کی رسائی کو وسعت دینے کی کوششوں کے بارے میں بھی جانکاری دِی۔










