سری نگر//متعدد عوامی نمائندوں اور وفود نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ان کے عوامی رَسائی دفتر ’ رابطہ ‘میں ملاقات کی اور اَپنے حلقوں اور مختلف شعبوں سے متعلق مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔لداخ سے ممبر پارلیمنٹ حاجی محمد حنیفہ نے لداخ میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے خدمات انجام دینے والے ملازمین اور کرگل پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ وفود نے اَپنے اَپنے شعبوں سے متعلق مسائل اور مطالبات پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ نے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے اور مناسب کارروائی کی جائے گی۔ممبر قانون ساز اسمبلی بانڈی پورہ نظام الدین بٹ بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے حلقے سے متعلق ترقیاتی اور عوامی فلاحی مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مسائل کوبغور سُنا اور مناسب توجہ دینے کا یقین دِلایا۔رُکن قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان ساگر نے حضرت بل سے سول سوسائٹی کے ارکان کے ایک وفد کے ساتھ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ وفد نے حبک حضرت بل میں سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کی تعمیرسے متعلق طویل عرصے سے زیر اِلتوا ٔمسئلہ حل کرنے پر شکریہ اَدا کیا۔ وفدنے دیگر ترقیاتی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اورجاری منصوبوں کے لئے حکومتی تعاون جاری رکھنے کی درخواست کی۔ وزیر اعلیٰ نے ان کے تاثرات کو سراہا اور عوامی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اِسی دوران ممبر اسمبلی حضرت بل سلمان ساگر نے جل جیون مشن کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد کی بھی قیادت کی جس نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے اَپنے زیر اِلتوأ ٔمسائل کو حل کرنے کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دِلایا کہ ان کے مطالبات کا جائزہ لے کر مقررہ ضابطوں کے مطابق کاررِوائی کی جائے گی۔رُکن اسمبلی بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے حلقے سے متعلق ترقیاتی ضروریات اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کے تمام خطوں میں مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرپرسن جے اینڈ کے بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشنز (بی او پی اِی اِی) پروفیسر مینو مہاجن نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں بورڈ کے کام کاج اور جموں و کشمیر میں پیشہ ورانہ داخلہ امتحانات کے انعقاد سے متعلق مختلف امور کے بارے میں جانکاری دِی۔ وزیر اعلیٰ نے جوابدہ اور عوام پر مبنی طرز ِحکمرانی کے لئے اَپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام وفود اور عوامی نمائندوں کو یقین دِلایا کہ ملاقاتوں کے دوران اُٹھائے گئے حقیقی مسائل پر مناسب توجہ دِی جائے گی ۔










