کہا،حکومت نے جموںوکشمیر میں مضبوط زمینی رابطہ نظام کے قیام پر توجہ مرکوز کی ہے
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے جموں کے گریٹر کیلاش علاقے میں نالہ ،کھڈ پر تعمیرشدہ ڈبل لین پُل کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر بھر میں مضبوط اور مؤثر زمینی رابطہ نظام قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور اِس مقصد پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اَس پُل کا اِفتتاح شہری رابطوں کو مضبوط بنانے اور خطے میں عوامی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔نئے تعمیر شدہ پل سے ہموار آمدورفت، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور گریٹر کیلاش سمیت ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو سہولیت فراہم ہوگی۔ یہ منصوبہ علاقے میں رَسائی کو بہتر بنانے اور بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹ ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مکمل کیا گیا ہے۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں مضبوط، جامع اور عوام دوست ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ بنیادی ڈھانچے کومضبوط بنانا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے کیوں کہ یہ لوگوں کے معیارِ زِندگی کو بہتر بنانے اور سماجی و اِقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں اہم کردار اَدا کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’حکومت دیرپااور جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر توجہ مرکوز کررہی ہے جس سے براہِ راست عوام کو فائدہ پہنچے ۔اِس نوعیت کے منصوبے نہ صرف رابطہ نظام کو بہتر بناتے ہیں بلکہ خطے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور جموں و کشمیر میں متوازن ترقی کو فروغ دینے کے لئے سڑکوں کے نیٹ ورک، پُلوں اور دیگر ضروری عوامی بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے مسلسل کوششیں اوراقدامات کر رہی ہے۔اِس موقعہ پر چیف اِنجینئر روڈز اینڈ بلڈنگز (آر اینڈ بی) اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔ اُنہوں نے نائب وزیر اعلیٰ کو منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں اور علاقے میں جاری دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دِی۔مقامی باشندوں نے پُل کی تکمیل پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے شہری بنیادی ڈھانچے اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔










