پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چوتھا اضافہ

نئی دہلی/ایجنسیز// ملک بھر میں آج ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 25 مئی 2026 کو ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ اضافہ کیا گیا، جس کے بعد عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔ دہلی، ممبئی، کولکتہ، چنئی سمیت کئی بڑے شہروں میں صبح 6 بجے سے نئی قیمتیں نافذ کر دی گئی ہیں۔ بعض مقامات پر پٹرول کی قیمت میں 3 روپے سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ڈیزل بھی نمایاں طور پر مہنگا ہوا ہے۔دہلی میں پٹرول 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو کر 102.12 روپے فی لیٹر پہنچ گیا ہے جبکہ ڈیزل 2 روپے 71 پیسے اضافے کے بعد 95.20 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ کولکتہ میں پٹرول 113.47 روپے اور ڈیزل 99.82 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت 111.21 روپے جبکہ ڈیزل 97.83 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ چنئی میں پٹرول 107.77 روپے اور ڈیزل 99.55 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔بنگلورو میں پٹرول 110.61 روپے اور ڈیزل 98.54 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ نوئیڈا میں پٹرول 101.92 روپے اور ڈیزل 95.37 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ گروگرام میں پٹرول 102.69 روپے جبکہ ڈیزل 95.36 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ چنڈی گڑھ میں پٹرول 101.54 روپے اور ڈیزل 89.47 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح لکھنؤ میں پٹرول 101.89 روپے اور ڈیزل 95.36 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے جبکہ پٹنہ میں پٹرول 113.54 روپے اور ڈیزل 99.54 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔حیدرآباد میں پٹرول 115.69 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل تقریباً 103.64 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یہ چوتھا اضافہ ہے۔ 15 مئی کو چار برسوں میں پہلی مرتبہ 3 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 19 مئی اور 23 مئی کو بھی تقریباً 90 پیسے فی لیٹر قیمتیں بڑھائی گئی تھیں۔ 15 مئی سے شروع ہونے والے اس سلسلے کے بعد اب تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 7 روپے 50 پیسے فی لیٹر سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث عام شہریوں کے گھریلو بجٹ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر اضافی دباؤ بڑھ گیا ہے۔