سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے نارکو دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی مہم کے تحت بانڈی پورہ میں ایک عظیم الشان عوامی اِجتماع کے ساتھ’ پدیاترا‘ کی قیادت کرتے ہوئے اس مقصد کے لئے عوامی حمایت کو متحرک کیا۔اُنہوںنے کہا،’’45 روز قبل میں نے نہ صرف سمگلروں اور نارکو دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کا عہد کیا تھا بلکہ ایک ایسی تحریک شروع کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا جو نوجوانوں کو بااِختیار بنائے اور نشے سے متاثرہ کنبوں کی عزت ِ نفس بحال کرے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر متحد ہے، اِرادے میں مضبوط ہے اور مقصد میں واضح ہے اور معاشرے کو ہمیشہ کے لئے منشیات سے پاک کرنے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔اُنہوںنے کہا،’’نارکو دہشت گردوں اور منشیات سمگلروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ یہ اس وقت تک نہیں رُکے گی جب تک جموں و کشمیر کی مقدس سرزمین سے ہر منشیات سمگلر کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ ہماری ایجنسیوں نے نارکو دہشت گردوں اور ان کے خفیہ نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لئے ایک بے مثال مہم شروع کی ہے۔ کوئی بھی منشیات سمگلر، منشیات فروش یا ہمارے معاشرے کو زہر آلود کرنے کی کوشش کرنے والا ہماری پہنچ سے باہر نہیں ہے۔ پورے نارکو دہشت گردی کے نظام کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔‘‘
منوج سِنہا نے کہاکہ منشیات کی سپلائی کے کئی نیٹ ورکس جو اَب تک مختلف وجوہات کی بناء پر پوشیدہ تھے، کا سراغ لگا کر انہیں ختم کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پروان چڑھنے والے منشیات کے کارٹلز کا صفایا کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہم نے واضح پیغام دیا ہے کہ جموں و کشمیر ان لوگوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہیں بنے گا جو دوسروں کی تکالیف سے فائدہ اُٹھاتے ہیں۔ میں پُرعزم ہوں کہ ہم اس سرزمین سے ہر نارکو دہشت گرد اور منشیات سمگلر کا خاتمہ کریں گے۔ ہمارے کنبوں کو تباہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کا اس سرزمین سے وجود ہی مٹا دیا جائے گا۔ اَب قانون سختی سے عملایا جا رہا ہے۔ نارکو دہشت گردوں کو سزا دی جا رہی ہے، نوجوانوں کا تحفظ کیا جا رہا ہے، کنبوں کی مدد کی جا رہی ہے اور معاشرے میں نئی امید لوٹ رہی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بہت جلد اِنتظامیہ ایک جامع بحالی پالیسی سامنے لائے گی تاکہ نشے میں مبتلا ہر نوجوان کو دوبارہ مرکزی دھارے میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی نوجوان پیچھے نہ رہے۔ ہم انہیں روزگار، مواقع اور باعزت زِندگی گزارنے کے ذرائع فراہم کریں گے۔ میرا پختہ یقین ہے کہ منشیات سے پاک جموں و کشمیر کی کامیابی صرف گرفتار کئے گئے منشیات سمگلروں کی تعداد سے نہیںلگایا جائے گابلکہ ان زندگیوں کی تعداد سے لگایا جائے گاجنہیں ہم دوبارہ سنوار سکیں گے۔ یہ اُن گھروں سے لگایاجائے گا جو دوبارہ آباد ہو سکیں گے اور ان نوجوانوں سے جو اَپنے خواب پورے کر سکیں گے۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ان کے خواب پورے نہ ہو جائیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت اکیلے یہ جنگ نہیں جیت سکتی اور منشیات کے خلاف اس جنگ میں اِنتظامیہ کو اہل خانہ، اساتذہ، مذہبی رہنماؤں اور ہر ذمہ دار شہری کے تعاون کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’میں ایک ایسے جموں و کشمیر کا تصور کرتا ہوں جہاں ہر بچہ نشے کے سائے سے آزاد ہو کر پروان چڑھے۔ ایک ایسا جموں و کشمیر جہاںکنبہ منشیات کی وجہ سے بکھر نہ جائیں۔ ایک ایسا جموں و کشمیر جہاں معاشرہ سلامتی، وقار اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھے۔ یہ محض خواب نہیں بلکہ ہمارا مشن ہے اور ہم سب مل کر اسے پورا کریں گے۔ ہمیں جموں و کشمیر کے ہر باشندے کی بیداری، شعور اور عزم کی ضرورت ہے۔ میرا یقین ہے کہ جب لوگ متحد ہو جائیں تو کوئی نارکو دہشت گردی نیٹ ورک یا منشیات کارٹل ان میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ جب عوام متحد ہوں تو کوئی دہشت گردی انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ میں اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں متحد ہو کر نارکو دہشت گردی کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنا ہوگا۔‘‘اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے’’وقار نالج سینٹر ۔ نوجوانوں کو منشیات کے خلاف متحرک کرنے‘‘کا اِفتتاح بھی کیا۔’نشہ مُکت بھارت ابھیان ‘کے تحت ضلع بانڈی پورہ میں وقار نالج سینٹر قائم کیا گیا ہے جو نشے سے صحتیاب وشفایاب ہونے والے افراد کو بحالی، مشغولیت اور دوبارہ معاشرے میں شمولیت کے لئے ایک تعمیری پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ یہ اَقدام اس پیغام کو مزید تقویت دیتا ہے کہ منشیات کی راہ چھوڑنے کے خواہشمند اَفراد کو سرکاری اِمداد سے چلنے والے مواقع اور معاون نظاموں تک رسائی حاصل ہے۔اس سینٹر میں سپورٹس کارنر، بیڈمنٹن کورٹ، ریڈنگ لائبریری اور ایک اِنفارمیشن ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں سرکاری سکیموں، تعلیم، روزگار اور ہنر مندی کے مواقع سے متعلق رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ اِنتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ ضلع کے ہر بلاک میں ایک وقار نالج سینٹر قائم کیا جائے۔ یہ سینٹر نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور نشے کے خلاف سماجی مزاحمت کو مضبوط کرنے کے لئے ایک مثبت ماحول فراہم کرتا ہے۔










