وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں قانون سازوں ، وائس چانسلروں اور دیگر وفود سے ملاقات کی

علاقائی ترقی ، حلقہ جاتی مسائل ، صحت اور بنیادی ڈھانچے اور اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاعلاقائی ترقی ، حلقہ جاتی مسائل ، صحت اور بنیادی ڈھانچے اور اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا

سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں قانون سازوں، وائس چانسلروں اور مختلف وفود سے ملاقات کی اور علاقائی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، اعلیٰ تعلیم، صحت سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے متعلق وسیع مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔پیر پنجال خطے سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی پر مشتمل ایک وفد جس میں جاوید اقبال (بڈھل)، مظفر اقبال خان (تھانہ منڈی)، چودھری محمد اکرم (سرنکوٹ) اور افتخار احمد (راجوری) شامل تھے، نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور علاقے کے مختلف ترقیاتی اور عوامی فلاحی امور پر تبادلہ خیال کیا۔رُکن قانون ساز اسمبلی کولگام ایم وائی تاریگامی اور ممبر قانون ساز اسمبلی شوپیاں شبیر احمد کلے نے بھی الگ الگ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے حلقوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔

ممبر اسمبلی بڈگام آغا سیّدمنتظر مہدی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور بڈگام حلقے کی مجموعی صورتحال کے علاوہ آنے والے مقدس مہینے محرم الحرام 2026 سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سری نگر پروفیسر محمد مبین نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے یونیورسٹی کی حالیہ پیش رفت اور ترقیاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر پروفیسر اے رویندر ناتھ نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور یونیورسٹی کی تعلیمی و ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دِی۔ڈائریکٹرشیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ایم اشرف گنائی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اِدارے سے متعلق مختلف امور اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔وائس چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر اِنڈین کنسٹرکشن کمپنی اَرجن دھون نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں کمپنی کے جاری مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے میں بتایا۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کو بغور سُنا اور جامع ترقی، عوامی اِداروں کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کے بروقت حل کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔