جموںوکشمیر کی تعمیرکیلئے اِجتماعی کوششوں پر زور دیا
جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات اور امور صارفین ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ،اَمورِ نوجوان و کھیل کود اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے، صحت مند طرزِ زندگی، کھیلوں کے کلچر اورمضبوط اور منشیات سے پاک جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے اِجتماعی کوششوں پر زور دیا۔وزیر جے این وِی جموں دوم ناردی بالا میں سالانہ انعامی تقریب اور ثقافتی پروگرام کے موقعہ پر طالب علموں، اَساتذہ، والدین اور سکول کمیونٹی کے اراکین سے خطاب کر رہے تھے۔اُنہوں نے نوجوانوںمیں نظم و ضبط، استقامت اور قیادت جیسی اَقدار کو پروان چڑھانے اور ذِمہ دار شہری تیار کرنے میں تعلیمی اِداروں کے کردار کو اُجاگر کیا۔ستیش شرما نے طالب علموں کو ان کی کامیابیوں پرمُبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اِدارے محض تعلیمی برتری کے مراکز نہیں بلکہ ایسے ادارے ہیں جہاں کردار ،قیادت اور معاشرے کے مستقبل کی تعمیر ہوتی ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حقیقی کامیابی صرف انعامات اور اعزازات تک محدود نہیں بلکہ ثابت قدمی، محنت اور دیانت داری جیسی اَقدار میں مضمر ہے۔اُنہوںنے اَپنے ذاتی سفر اور اَقدار کے بارے میں بات کرتے ہوئے اَپنے اسلاف سے حاصل ہونے والے نظم و ضبط، قربانی اور ثابت قدمی کے اسباق کو یاد کیا اور کہا کہ کامیابی کی مضبوط بنیادیں اکثر خاموشی سے محنت اور لگن کے ذریعے تعمیر کی جاتی ہیں۔وزیر موصوف نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے صحت مند زندگی کی اہمیت پر زور دیا اور طالب علموں سے کہا کہ وہ غذائیت سے بھرپور اور قدرتی خوراک کو اپنی عادات کا حصہ بنائیں۔ اُنہوں نے نوجوانوں میں پروسیس شدہ اور غیر صحت بخش غذا کے بڑھتے ہوئے رُجحان پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے صحت مند طرز زندگی کے ساتھ دوبارہ جڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہاکہ ایک مضبوط قوم صحت مند شہریوں پر استوار ہوتی ہے ۔ صحت اور طرزِ زندگی کے حوالے سے نوجوان آج جو فیصلے کریں گے، وہی ہمارے معاشرے کے مستقبل کی طاقت کا تعین کریں گے۔‘‘ستیش شرما نے سکاؤٹس، گائیڈز اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اقدامات کے کردار کو بھی سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارموں کے ذریعے فروغ پانے والی نظم و ضبط، ٹیم ورک اور عزم جیسی اَقدار نوجوانوں کو مستقبل میں قائدانہ کردار کے لئے تیار کرنے میں مدد کرتی ہیں۔اُنہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے چیلنج پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کھیلوں اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کو منشیات کے ناسور کے خلاف مؤثر ہتھیار قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، توجہ اور مقصدیت پیدا کرتے ہیں اور سماجی برائیوں کے خلاف ایک مضبوط ڈھال بن سکتے ہیں۔وزیرموصوف نے کہا، ’’کھیل کے میدان، کلاس روموں اور تخلیقی سرگرمیوں کے مراکز نوجوانوں کی اُمنگوں کا مرکز بننے چاہئیں۔ کھیلوں میں حصہ لینے والا بچہ ثابت قدمی، عزم اور محنت کی قدر سیکھتا ہے۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر بھر میں نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ستیش شرما نے انعامات حاصل کرنے والے طلبأ کو مُبارک باد دیتے ہوئے انہیں مسلسل عمدگی حاصل کرنے کی ترغیب دی اور دیگر طلبأ کو بھی اَپنے مقاصد کے حصول کے لئے محنت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کا مستقبل ایسی نسل کے ہاتھوں میں ہے جو علم، مضبوط اَقدار اور خدمت کے جذبے سے آراستہ ہو۔تقریب میں ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جبکہ سکول عملے، والدین اور طلبأ کی بھرپور شرکت سے جشن اور تحریک کا ماحول پیدا ہوا۔










