جنوبی کشمیر میںژالہ باری، باغات اور فصلیں شدید متاثر

سیب کے پھولوں اور سبزیوں کی فصل کو بھاری نقصان، کسان تشویش میں مبتلا

سرینگر/ یو این ایس// جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں جمعہ کی صبح سویرے شدید ڑالہ باری کے باعث باغات اور کھڑی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے، جس سے مقامی زرعی معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے۔یو این ایس کے مطابق مقامی ذرائع کے مطابق ڑالہ باری ناگبل، زردہہر، ماچاما، چنکیتار، منڈورا، پنیر جگیر اور ملحقہ علاقوں میں ہوئی، جہاں شدید ڑالوں نے باغات اور سبزیوں کی فصلوں کو متاثر کیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان فجر سے قبل آیا اور کافی دیر تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں زرعی علاقوں میں واضح تباہی دیکھی گئی۔کسانوں کے مطابق سب سے زیادہ نقصان سیب کے پھولوں کو پہنچا ہے جو آنے والے سیزن کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں۔ ڑالہ باری سے پھول اور نرم پھل بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس سے آئندہ پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔سبزیوں کی فصلیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ کئی کھیتوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ متاثرہ کسانوں نے محکمہ باغبانی اور ریونیو سے فوری نقصانات کے جائزے اور امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق موسمی تبدیلیوں کے باعث اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے زرعی شعبے سے وابستہ خاندانوں کی معاشی غیر یقینی صورتحال بڑھ رہی ہے۔ حکام کی جانب سے نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔