وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کا ’رابطہ آفس‘ جموں میں عوامی رَسائی پروگرام کا اِنعقاد

وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کا ’رابطہ آفس‘ جموں میں عوامی رَسائی پروگرام کا اِنعقاد

عوامی مسائل سُنے اور موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں

جموں// وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے رابطہ اقدام کے تحت ’رابطہ آفس‘ کنال روڈ جموں میں ایک عوامی رسائی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔ اِس موقعہ پر صوبہ جموں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود اور اَفراد کی بڑی تعداد نے مشیرموصوف سے ملاقات کی اور فوری حل کے لئے مختلف مسائل اُجاگر کئے۔اُنہوں نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے پروگرام کے دوران اُٹھائے گئے عوامی شکایات کے ترجیحی بنیادوں پر اَزالے کے لئے متعلقہ اَفسران کو موقعہ پر ہی کئی ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے وفود کے سربراہان سے بھی کہا کہ اَپنے مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائیں تاکہ بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے۔مشیر موصوف سے ملاقات کرنے والے وفود میں جی سی سی گُرہاھا سلاتھیہ (این جی او) کا ایک وفد بھی شامل تھا جس نے علاقائی ترقی اور سماجی بہبود سے متعلق اہم مسائل پیش کئے۔بٹھنڈی ویلفیئر بورڈ کے سٹیزن فورم کے ایک وفد نے بٹھنڈی علاقے کے عمومی ترقیاتی مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین سٹیزنز کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ جموں کی قیادت میں ایک اور وفد نے بینک سے متعلق فوری نوعیت کے معاملات اُجاگر کئے اور مداخلت کی درخواست کی۔محکمہ ریونیوکے ریٹائرڈ مائیگرنٹ ملازمین کے ایک وفد نے اپنی ملازمت کی مدت کو آن ڈیوٹی قرار دینے اور زیر اِلتوأ چھٹیوں کے انکیشمنٹ فوائد کی جلد منظوری کے لئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔پنتھل علاقے کے ایک وفد نے پنتھل میں کیندریہ ودھیالیہ کی زمین کا مسئلہ اُٹھایا اور مقامی کمیونٹی کے فائدے کے لئے اِدارے کی ترقیاتی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا۔جے کے پی ایس سی اورجے کے ایس ایس بی اُمیدواروں کے ایک وفد نے بھرتیوں اور اِمتحانات سے متعلق شکایات پیش کیں جن میں بھرتی عمل میں تاخیر اور غیر یقینی صورتحال شامل تھی جو جموں و کشمیر بھر کے اُمیدواروں کو متاثر کر رہی ہے۔ اِس کے علاوہ کٹھوعہ کے کچھ اَفراد نے بھی مشیر موصوف سے ملاقات کی۔ناصر اسلم وانی نے کہا کہ رابطہ اقدام حکومت اورشہریوں کے درمیان براہ راست رابطے کو مضبوط بنانے اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے اُٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوامی رسائی پروگرام کے دوران جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقررہ مدت میں معاملات نمٹائے جا سکیں۔اِس عوامی رسائی پروگرام میں سپیشل سیکرٹری’رابطہ‘ سہیل نور شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری عزیز احمد، اَنڈر سیکرٹری انو شرما اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔