دریائے جہلم کنارے ہاؤس بوٹ جزوی طور پر ڈوب گئی

ریسکیو آپریشن انجام،ریور پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی فوری کاروائی

سرینگر// یو این ایس// سرینگر کے بند علاقے میں دریائے جہلم کے کنارے جمعرات کو اْس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب ایک ہاؤس بوٹ میں اچانک پانی داخل ہونے لگا اور وہ جزوی طور پر ڈوب گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس کی ٹیمیں فوری طور جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔حکام کے مطابق ہاؤس بوٹ میں پانی داخل ہونے کے باعث اندرونی حصے میں آبی جمعاؤ بڑھ گیا جس سے ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد مقامی لوگوں میں بھی تشویش پائی گئی جبکہ امدادی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کیلئے اقدامات کئے۔یو این ایس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ ہاؤس بوٹ میں داخل ہوکر وہاں موجود سامان، فرنیچر اور دیگر قیمتی اشیاء کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ اہلکاروں نے مسلسل کئی گھنٹوں تک کارروائی جاری رکھتے ہوئے پانی کے بہاؤ اور ہاؤس بوٹ کی حالت کا جائزہ لیا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور صورتحال کو قابو میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیموں نے متاثرہ ہاؤس بوٹ کے مالک کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جبکہ واقعے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔دریائے جہلم کے کنارے قائم ہاؤس بوٹس کشمیر کی سیاحتی اور ثقافتی شناخت کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہیں، تاہم پانی کی سطح میں تبدیلی، خستہ ڈھانچوں اور موسمی اثرات کے باعث وقتاً فوقتاً ایسے واقعات پیش آنے سے مالکان اور مقامی آبادی میں تشویش بڑھ رہی ہے۔