شالین کابرا نے اننت ناگ میں جے جے ایم کی پیش رفت کا جائیزہ لیا

اننت ناگ//ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) جل شکتی مسٹر شالین کابرا نے اننت ناگ کا دورہ کیا اور محکمہ جل شکتی کی طرف سے آئندہ شری امر ناتھ جی یاترا2026 کیلئے ضلع میں جل جیون مشن ( جے جے ایم ) اور آبپاشی اسکیموں کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ڈی سی آفس میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ ، ایم ڈی جے جے ایم ، ڈائریکٹر پلاننگ ، جے ایس ڈی ، چیف انجینئر پی ایچ ای /آئی اینڈ ایف سی ، کنزرویٹر آف فاریسٹ ساؤتھ ، اے ڈی سی ، سی پی او ، ٹیکنیکل آفیسرز ، ایس ای ہائیڈرالکس ، ایگزیکٹو انجینئرز اور مختلف انجینئرنگ ونگز کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران ڈی سی نے ضلع میں جل جیون مشن کے تحت واٹر سپلائی اسکیموں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ اے سی ایس نے جل شکتی سیکٹر میں کیپیکس اور ریویکس کے تحت ایس اے این جے وائی 2026 کے کاموں کا سیکٹر وار جائیزہ لیا اور کاموں کی بروقت الاٹمنٹ ، عملدرآمد اور تکمیل پر زور دیا ۔ پہلگام کے محور کے ساتھ شری امر ناتھ جی یاترا کیلئے کئے جانے والے انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ افسران نے اے سی ایس کو مقدس گپھا کے راستے میں بنائے گئے اور مجوزہ انفراسٹرکچر کے بارے میں بریفنگ دی ۔ میٹنگ میں آبپاشی کے شعبے کا جائیزہ لیتے ہوئے ضلع میں آبپاشی کی سہولیات کو متاثر کرنے والی مختلف رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں نہروں کی سلٹیشن ، غیر قانونی کان کنی ، تجاوزات ، واٹر چینلز کی آلودگی اور ٹیل اینڈ خسارے شامل ہیں ۔ افسران نے اے سی ایس کو آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور مضبوطی کیلئے کی جانے والی مداخلتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ مسٹر شالین کابرا نے تمام جاری کاموں کی بروقت تکمیل ، مواد کے معیار کو برقرار رکھنے اور وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مانیٹرنگ میکنزم کو مضبوط کیا جائے اور عوام کے فائدے کیلئے اسکیموں پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔