سالانہ یاترا کیلئے صفائی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، طبی سہولیات کیلئے جامع ایس او پیز قائم کئے گئے
سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رواں سال اگست میں ضلع کشتواڑ کے پہاڑی علاقے میں شروع ہونے والی سالانہ مچیَل ماتا یاترا کے پُر امن ، محفوظ اور بغیر کسی دشواری کے اِنعقاد کے لئے کئے جارہے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پی ڈبلیو ڈی، پرنسپل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، صوبائی کمشنر جموں، آئی جی پی جموں، ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ، ایس ایس پی کشتواڑ، منیجنگ ڈائریکر جے پی ڈِی سی ایل، چیف انجینئر پروجیکٹ سمپارک اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے یاترا کے محفوظ اور احسن اِنعقاد کے لئے کئے جا رہے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں دیہی ترقیاتی محکمہ کو سونپے گئے صفائی ستھرائی کے اقدامات، پانی اور بجلی کی فراہمی، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ مینجمنٹ اور ہنگامی ردِّعمل سے متعلق انتظامات شامل تھے۔اُنہوںنے گزشتہ برس یاترا کے راستے میں پیش آئے حادثے کے بعد جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے آن لائن اور آر ایف آئی ڈِی پر مبنی رجسٹریشن نظام کو متعارف کرنے، آفات سے نمٹنے کے اقدامات، فوری موسمی انتباہات کے لئے آٹومیٹک رین گیجز (اے آر جی) اور آٹومیٹک ویدر سٹیشنز (اے ڈبلیو ایس) کی تنصیب اور یاتریوں کی سلامتی و آسان آواجاہی کے لئے جامع سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس پی اوز) کی تیاری جیسے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ متوقع یاتریوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کشتواڑ ہیڈکوارٹر، گلاب گڑھ، چشوٹی اور مچیل سمیت مختلف مقامات پر رہائش کے وسیع اِنتظامات کئے جا رہے ہیں۔ سرکاری رہائش گاہوں، پرائیویٹ رہائش کی سہولیات، ہوم سٹے اور خیمہ بستیوں میں اِضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ مچیَل میں یاتریوں کی سہولیت کے لئے ایک خصوصی ٹینٹ سٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔میٹنگ میں ہجوم کے مؤثر انتظام اور یاتریوں کی حقیقی وقت میں نگرانی کے لئے صد فیصد آن لائن رجسٹریشن اور آر ایف آئی ڈِی پر مبنی ٹریکنگ نظام کے نفاذ پر خصوصی زور دیا گیا۔ صوبائی کمشنر نے حساس مقامات پر مناسب اَفرادی قوت کی تعیناتی، یاتریوں کی روزانہ آواجاہی کی نگرانی اور مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل سے متعلق اِنتظامات کی بھی تفصیلات پیش کیں۔یاتریوں کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے کے لئے اِنتظامیہ کی جانب سے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کو کم کرنے اور حساس مقامات پر نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ متعلقہ محکموں کو سخت نگرانی برقرار رکھنے اور یاترا کے دوران موسم سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردِّعمل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑپنکج کمار شرما نے ٹریفک اور ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سے متعلق جامع منصوبوں کی تفصیلات پیش کیںجن کا مقصد گاڑیوں کی روانی کو برقرار رکھنا اور ضرورت پڑنے پر سڑک رابطہ فوری بحال کرنا ہے۔ اُنہوں نے پارکنگ ائیریاز کے قیام، ٹریفک کی آواجاہی کے ریگولیشن اور ایمرجنسی ریسپانس گاڑیوں کی بلا تعطل رَسائی کو یقینی بنانے کے بارے میں آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری نے یاترا کے لئے طبی تیاریوں اور ایمرجنسی ریسپانس کے اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ راستے کے اہم مقامات پر میڈیکل کیمپ، ایمبولینس سروسز، ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور اِبتدائی طبی اِمداد کی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ اِس کے علاوہ طبی عملہ اور ضروری اَدویات کی مناسب دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔میٹنگ میں اِس برس کی یاترا کے لئے پینے کے پانی، بلا تعطل بجلی، مواصلاتی سہولیات، صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔تمام محکموں کو ضروری خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے اور یاترا کے راستے میں صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لئے قریبی تال میل سے کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے ایک روحانی طور پر پُرسکون اور حادثات سے پاک یاترا کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا تاکہ مچیَل ماتا یاترا 2026 کا کامیاب اِنعقاد یقینی بنایا جا سکے۔










