مینڈھر اور بالا کوٹ میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو تقرری نامے حوالے کئے

مینڈھر اور بالا کوٹ میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو تقرری نامے حوالے کئے

سری نگر// وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے اِنٹگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈِی ایس ) سکیم کے تحت مینڈھر اور بالاکوٹ سے تعلق رکھنے والی نئی منتخب آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو تقرری کے احکامات حوالے کئے۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے دیہی اور سرحدی علاقوں میں بنیادی سطح پر عوامی فلاح و بہبود اور صحت عامہ کی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ تقریب خطے میں اِبتدائی بچوں کی نگہداشت، غذائیت، زچہ و بچہ کی صحت اور سماجی فلاحی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی فلاح، خواتین کو بااِختیار بنانے اور عوامی صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے میں آنگن واڑی ورکروں کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور جموں و کشمیر بھر میں بنیادی سطح کے اِداروں کو مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے کہ فلاحی سکیموں کا فائدہ بالخصوص دیہی او رقبائلی علاقوں میں ہر مستحق گھرانے تک پہنچے۔وزیر جاوید رانا نے آئی سی ڈِی ایس سکیم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آنگن واڑی مراکز بچوں کی غذائی اور صحت کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیںجبکہ ماؤں میں صحت، متوازن غذا، حفاظتی ٹیکہ کاری اور بچوں کی نشوونما سے متعلق شعور بھی پیدا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد بچوں کی ذہنی، جسمانی اور سماجی نشوونما کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے، نیز خواتین اور بچوں میں غذائی قلت، بیماریوں اور شرح اموات میں کمی لانا بھی اس کا اہم ہدف ہے۔اُنہوں نے آنگن واڑی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان کی مؤثر کارکردگی اور رسائی بہتر بنانے کے لئے مسلسل کوششوں کی اپیل کی۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کے لئے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، وسائل کی بروقت فراہمی اور بہتر کام کے ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اَپنا تعاون جاری رکھے گی تاکہ وہ اَپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔جاوید رانا نے نومنتخب ورکروں اور ہیلپروں کو مُبارک باد پیش کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت خلوص، لگن اور ہمدردی کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ اُنہوں نے اُنہیں خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرمی سے کام کرنے اور اَپنے اَپنے علاقوں میں ایک صحت مند اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار اَدا کرنے کی ترغیب دی۔اِس پروگرام میں متعلقہ محکموں کے اَفسران، مقامی نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے بنیادی سطح پر فلاحی اِداروں کو مضبوط بنانے اور خطے میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔