سرینگر//یو این ایس//وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کے احمد آباد میں نئے تعمیر شدہ ‘ملین مائنڈز ٹیک پارک’ اور ‘گریمی سٹی کیمپس’ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلیٰپھوپیندر پٹیل، نائب وزیر اعلیٰ ہریش سنگھوی اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔یو این ایس کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ یہ منصوبے وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘‘مستقبل کے بھارت’’ کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کی سمت ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکنالوجی، اختراع، علم، صنعت کاری اور ہائی اسکل انڈسٹریز کو گجرات میں فروغ دیا جائے تاکہ ریاست ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز میں بھی ملک کی قیادت کر سکے۔امت شاہ نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت مصنوعی ذہانت ڈیپ ٹیک، روبوٹکس، کوانٹم کمپیوٹنگ، سیمی کنڈکٹر، آٹومیشن، سائبر سکیورٹی، دفاعی ٹیکنالوجی اور خلائی شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ان شعبوں میں آگے بڑھانے کے لیے بہترین ماحول، جدید انفراسٹرکچر اور وسیع مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ‘ملین مائنڈز ٹیک پارک’ تقریباً 13.5 لاکھ مربع فٹ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے، جس پر تقریباً 1100 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں یہ پارک 9 ہزار ہنرمند افراد کو جدید طرز کا ورک اسپیس فراہم کرے گا، جبکہ سات مرحلوں میں مکمل ہونے والے اس منصوبے پر تقریباً 15 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں اس منصوبے سے 63 ہزار سے زائد اعلیٰ معیار کی نوکریاں پیدا ہوں گی۔امت شاہ نے کہا کہ اس ٹیک پارک میں تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ شاپنگ مالز، ہوٹل اور رہائشی سہولیات بھی شامل ہوں گی، جس سے یہ ایک مکمل مربوط ٹیکنالوجی حب کی شکل اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گجرات کو بنگلورو، حیدرآباد، پونے اور گروگرام کی طرز پر ایک بڑے ٹیکنالوجی اور سروس سیکٹر مرکز کے طور پر ابھارنا چاہتی ہے۔اس موقع پر امت شاہ نے ‘گنیش رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ’ کے کیمپس کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید شہروں کی تعمیر اور بہتر ٹاؤن پلاننگ کے لیے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں پیشہ ورانہ قیادت اور جدید سوچ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی شہری منصوبہ بندی اصلاحات نے ملک میں ٹاؤن پلاننگ کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 30 ہزار مربع فٹ پر مشتمل اس کیمپس میں ابتدائی مرحلے میں 300 طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا، جبکہ تھول جھیل کے قریب 100 ایکڑ اراضی پر مرکزی کیمپس تعمیر کیا جائے گا، جس پر تقریباً 500 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ ملک کے رئیل اسٹیٹ اور اربن پلاننگ شعبے کو جدید قیادت فراہم کرے گا۔










