سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں عوامی شکایات کی ایک تفصیلی سماعت کی اور اُنہوں نے مختلف وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور اُن کے مسائل و مطالبات کوبغورسُنا۔تجرشریف زینہ پورہ کے ایک وفد نے علاقے میں بنیادی عوامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے سڑکوں کی میکڈیمائزیشن اور پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کی تنصیب سے متعلق مسائل اُجاگر کئے۔کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بڑھئی کاایک اور وفد نے وزیر موصوف سے مطالبہ کیا کہ انہیں بھی محکمہ محنت جموں و کشمیر کے تحت رجسٹرڈ تعمیراتی مزدوروں کی طرز پر فلاحی سکیموں اور سہولیات سے مستفید کیا جائے۔ وفد نے کمیونٹی کے لئے زیادہ سماجی تحفظ اور اِدارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔متعدد اَفراد نے سول کاموں کی عمل آوری، شیڈز اور بند والوں کی تعمیر سے متعلق مسائل بھی اْٹھائے، جبکہ پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین (PMAY-G) اور دیگر ترقیاتی اسکیموں کے تحت زیر التوا ادائیگیوں کی اجرائی کا مطالبہ بھی کیا۔متعدد اَفراد نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین (پی ایم اے وائی۔ جی) اور دیگر ترقیاتی سکیموں کے تحت زیر اِلتوأ اَدائیگیوں کو جاری کرنے کے علاوہ سول کاموں، شیڈوں اور بند دیواروں کی تعمیر سے متعلق مسائل بھی اُٹھائے ۔وزیر جاوید ڈار نے سماعت کے دوران پیش کئے گئے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو موقعے پر ہی ہدایات جاری کیں کہ حقیقی شکایات کا جلد از جلد ازالہ یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی شکایات کا اَزالہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور وفود کو یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو مربوط اور وقتی کارروائی کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔










