شالین کابرا نے کپواڑہ میں جل جیون مشن کے کاموں کا جائزہ لیا

سری نگر//ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی محکمہ شالین کابرا نے آج کپواڑہ ضلع میں مختلف واٹر سپلائی سکیموں کا تفصیلی معائینہ کیا تاکہ جل جیون مشن کے تحت پینے کے پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، کام کاج اور معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورے کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جاری اور مکمل شدہ کاموں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے سکیم کے تحت کئے گئے کاموں کو سراہا اور حکومت کی طرف سے فنڈز جاری ہوتے ہی اسے مکمل کرنے اور کمیشن دینے کی ہدایت دی۔ جل شکتی محکمہ کے اَفسران اور اِنجینئروں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو منصوبوں کی عمل آوری، پانی کی فراہمی کی صورتحال، درپیش چیلنجوں اور خدمات کو بہتر بنانے کے لئے اُٹھائے جا رہے اَقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دِی۔ اِس موقعہ پر معیار کو برقرار رکھنے، منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور مناسب ٹائم فریم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیاکیو ں کہ آنے والے مہینوں میں فنڈز جاری ہونے کی توقع ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفسران کو زیر اِلتوا ؍کاموں میں تیزی لانے، نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور وسائل کے بہترین اِستعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ترقیاتی کاموں میں عوامی فلاح، شفافیت اورتمام ترقیاتی کاموں میں تکنیکی معیارات کی پابندی پر بھی زور دیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ضلع میں پینے کے پانی کی سہولیات میں بہتری کے لئے کام کرنے والے فیلڈ سٹاف اور اِنجینئروں کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے ہر گھر تک محفوظ اوردیرپا پینے کا پانی فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔معائینے کے دوران جل شکتی محکمہ کے سینئر اَفسران بشمول چیف اِنجینئر پی ایچ اِی کشمیر، ڈائریکر پلاننگ جل شکتی محکمہ اور سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر ہائیڈرولک سرکل کپواڑہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔