ٹیکنالوجی کو خود کفیل بھارت کی ترقی کا بنیادی ستون قرار// وزیر اعظم مودی

ٹیکنالوجی کو خود کفیل بھارت کی ترقی کا بنیادی ستون قرار// وزیر اعظم مودی

سرینگر// یو این ایس وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل ٹیکنالوجی ڈے کے موقع پر ملک کے سائنسدانوں، محققین اور تکنیکی ماہرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1998 کے پوکھران ایٹمی تجربات بھارت کی سائنسی مہارت، قومی عزم اور دفاعی خود اعتمادی کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تاریخی تجربات نے نہ صرف دنیا کے سامنے بھارت کی طاقت اور صلاحیت کا لوہا منوایا بلکہ ملک کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور باوقار مقام بھی دلایا۔پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ٹیکنالوجی ڈے بھارت کی سائنسی برادری کی انتھک محنت، لگن اور قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی 1998 کو راجستھان کے پوکھران میں کئے گئے کامیاب ایٹمی تجربات بھارت کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل تھے جنہوں نے ملک کی دفاعی اور سائنسی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔مودی نے کہا کہ پوکھران تجربات نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ بھارت جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں اور ملک اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے بھارتی سائنسدانوں، انجینئروں اور تکنیکی ماہرین کی برسوں کی محنت شامل تھی، جنہوں نے انتہائی خفیہ اور مشکل حالات میں یہ مشن کامیاب بنایا۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی خود کفیل بھارت کی تعمیر میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک میں اختراع، روزگار، صنعتی ترقی، ڈیجیٹل انقلاب اور اقتصادی استحکام کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں میں سائنسی سوچ پیدا کرنے، تحقیق کو فروغ دینے اور نئی ایجادات کی حوصلہ افزائی کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں نوجوان صلاحیتیں اپنی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم کے مطابق بھارت آنے والے برسوں میں ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں عالمی قیادت حاصل کرنے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔مودی نے کہا کہ بھارت کے سائنسدان ملک کے وقار، عزتِ نفس اور قومی فخر کے اصل معمار ہیں۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی قیادت کو بھی یاد کیا، جن کے دورِ حکومت میں پوکھران ایٹمی تجربات انجام دیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے بھارت کی دفاعی حکمتِ عملی اور عالمی شناخت کو ایک نئی جہت عطا کی۔واضح رہے کہ بھارت نے 11 اور 13 مئی 1998 کو راجستھان کے صحرائی علاقے پوکھران میں پانچ ایٹمی تجربات کئے تھے۔ ان میں سے پہلے تین تجربات 11 مئی کو بھارتی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر انجام دیئے گئے تھے، جبکہ مزید دو تجربات 13 مئی کو کئے گئے۔ ان تجربات کے بعد بھارت نے خود کو ایٹمی طاقت رکھنے والے ممالک کی صف میں شامل کرلیا تھا۔ہر سال 11 مئی کو نیشنل ٹیکنالوجی ڈے منایا جاتا ہے تاکہ ملک کی سائنسی ترقی، تکنیکی کامیابیوں اور محققین کی خدمات کو سراہا جا سکے۔ اس دن مختلف تعلیمی، سائنسی اور تحقیقی اداروں میں تقریبات، سیمینارز اور پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔