جاری ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل پر زور
راجوری//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ضلع راجوری کے نوشہرہ حلقے کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور کلیدی شعبوں میں عوامی خدمات کی فراہمی کا معائینہ کیا جا سکے۔دورے کے دوران اُنہوں نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال سندربنی کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں طبی سہولیات، مریضوں کی نگہداشت اور ہسپتال کے مجموعی کام کاج کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ لوگوں کو مؤثر صحت کی سہولیات، مناسب طبی سہولیات اور فوری خدمات یقینی بنائی جائیں۔اُنہوں نے پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) گیسٹ ہاؤس کنگری میں جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائینہ کیا اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے منصوبے کی بروقت اور تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔نائب وزیراعلیٰ نے سیوٹ موڑ میں سیوٹ۔کالا کوٹ پی ایم جی ایس وائی سڑک منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور عمل آوری ایجنسیوں کو مقامی آبادی کی سہولیت کے لئے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔بعد میں اُنہوں نے لمبیری میں زیر تعمیر ایم سی ایچ ہسپتال کا دورہ کیا اور پروجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ،’’ علاقے میں زچہ وبچہ کی نگہداشت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لئے منصوبے کی بروقت تکمیل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے ڈھیرہ روڈپر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے معیاری کام اور بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ رابطہ سڑکوں اور عوامی سہولیتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔اُنہوں نے بگنوتی نالہ پُل کے جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے میں تیزی لاتے ہوئے دیرپائی اور حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے۔سریندر کمار چودھری نے آئی اینڈ ایف سی گیسٹ ہاؤس راجل کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے عوامی مفاد کے لئے بنیادی ڈھانچے کی مؤثر تعمیر اور بہتری پر زور دیا۔اُنہوں نے پی ڈبلیو ڈِی (آر اینڈ بی) گیسٹ ہاؤس نوشہرہ میں حلقے میں جاری متعدد ترقیاتی اَقدامات کا جائزہ لیا اور افسران سے بات چیت کرتے ہوئے عوامی فلاحی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت عمل درآمد کے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعلیٰ نے سپورٹس سٹیڈیم نوشہرہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے کہا، ’’حکومت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور تمام علاقوں میں نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے اور کھیلوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے بہتر سہولیات کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔‘‘اُنہوں نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ کا بھی معائینہ کیا اور حکام کو مریضوں کی بہتر نگہداشت، مناسب طبی ڈھانچے اور لوگوںکے لئے بہتر طبی خدمات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے مسیتی محلہ نونیال میں پُل پروجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مقامی باشندوںکے لئے رابطے کو بہتر بنانے اور آواجائی کو آسان بنانے کے لئے پُل کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈِی سی)، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئران، مختلف اِنجینئرنگ شعبوں کے ایگزیکٹیو انجینئران، بلاک میڈیکل اَفسران (بی ایم اوز) اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔










