وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جواہرلال نہرو میموریل ہسپتال سری نگر میں2.25 کرو ڑروپے مالیت کا جدید طبی آلات عوام کیلئے وقف کیا

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال میں 2.25 کروڑ روپے مالیت کے جدید طبی آلات عوام کے لئے وقف کیا جس سے ہسپتال میں صحت کی اہم سہولیات کو مزید تقویت ملی ہے۔وزیراعلیٰ نے ایچ ڈِی ایف سی بینک کے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی پروگرام کے تحت فراہم کئے گئے جدید طبی آلات کا اِفتتاح کیا جن میں اِی آر سی پی اینڈوسکوپی مشین، الٹرا/ڈوپلر ساؤنڈ مشین، ہسٹو پیتھالوجی کے لئے ٹشوپروسیر اورلیزر یورولوجی آلات شامل ہیں۔ ان تمام آلات کی مجموعی مالیت 2.25 کروڑ روپے ہے۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے نئی اِفتتاحی سہولیات کا معائینہ کیا جن میں شعبہ پیتھالوجی، شعبہ لیبارٹری، امیونولوجی سیکشن، بائیو کیمسٹری سیکشن اور یو ایس جی روم سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔ اُنہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں، ٹیکنیشنز اور پیرا میڈیکل عملے سے بھی بات چیت کی۔اُنہوںنے صحت کارکنوں کی لگن اور خدمات کو سراہتے ہوئے سال بھر لوگوں کو صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے پر طبی عملے کی سراہنا کی۔ اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری ، وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو، رُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق ، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ جے ایل این ایم ہسپتال، ایچ ڈِی ایف سی بینک کے نمائندے، سینئر ڈاکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔