amit shah

آپریشن سندور بھارت کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن مشن// وزیر داخلہ امت شاہ

دشمنوں کو ہماری عسکری طاقت ہمیشہ یاد رہے گی،پہلگام حملے کے بعد دہشت گردی کے مراکز کو نشانہ بنایا

سرینگر//یو این ایس//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر بھارتی مسلح افواج کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن بھارت کی تاریخ کا ایک ’’عہد ساز مشن‘‘ ثابت ہوا، جو ہمیشہ دشمنوں کو بھارتی افواج کی ناقابلِ شکست طاقت کی یاد دلاتا رہے گا۔یو این ایس کے مطابق وزیر داخلہ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ تاریخ آپریشن سندور کو اْس دن کے طور پر یاد رکھے گی جب بھارتی افواج کی درست اور مؤثر کارروائی، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی باریک بینی اور سیاسی قیادت کے مضبوط عزم نے متحد ہو کر سرحد پار موجود دہشت گردی کے ہر اْس ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس نے پہلگام میں بھارتی شہریوں کے خلاف حملے کی جرات کی تھی۔امت شاہ نے کہا،’’یہ دن ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ یہ خوفناک پیغام دیتا رہے گا کہ وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں چھپ جائیں، بھارتی افواج کی نظر اور ہماری طاقتور کارروائی سے بچ نہیں سکتے۔‘‘انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور نے یہ ثابت کر دیا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی اختیار نہیں کرے گا اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔وزیر داخلہ نے اپنی پوسٹ میں بھارتی مسلح افواج کی بے مثال بہادری، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے فوجیوں پر فخر کرتی ہے۔واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے میں 26 افراد، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے، ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد بھارت نے 7 مئی 2025 کو ’’آپریشن سندور‘‘ کا آغاز کیا تھا۔اس فوجی کارروائی کے دوران پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں موجود نو مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کو فضائی حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا اور پاکستان کی جانب سے جوابی حملوں کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم بھارتی فوج نے ان میں سے بیشتر کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔بعد ازاں 10 مئی کو دونوں ممالک کے فوجی حکام کے درمیان ہاٹ لائن پر بات چیت کے بعد فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔