modi

ڈبل انجن حکومت میں منصوبے بروقت مکمل، اعلانات تک محدود نہیں

خواتین وکست بھارت کا سب سے مضبوط ستون، بااختیار بنائے بغیر ملک کی ترقی کا تصور نامکمل// وزیر اعظم

سرینگر// یو این ایس//وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز جمہوری عمل میں عوامی شرکت کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے شہریوں سے ریکارڈ ووٹنگ کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر ایک ٹویٹ کا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ ایک باشعور شہری کے طور پر ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف ووٹ ڈالے بلکہ جمہوریت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے میں بھی فعال کردار ادا کرے۔وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ زیادہ سے زیادہ ووٹنگ کے ذریعے ہی ایک مضبوط، جوابدہ اور خوشحال قوم کی تعمیر ممکن ہے۔ انہوں نے سنسکرت اشلوک کے ذریعے عوامی نمائندے کے کردار اور ذمہ داریوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی قیادت وہی ہے جو عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے، دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے، منصفانہ فیصلے کرے اور معاشرے کے ہر طبقے کے ساتھ مساوی سلوک روا رکھے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت، نظم و ضبط اور پاکیزہ نیت کے ساتھ عوام کی رہنمائی کرنا ہی ایک نمائندے کا اصل عزم ہونا چاہیے۔یو این ایس کے مطابق ادھر وزیر اعظم اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے دو روزہ دورے پر مصروف ہیں، جہاں انہوں نے بدھ کی صبح ایک شاندار روڈ شو کیا۔ تقریباً 14 کلومیٹر طویل اس روڈ شو کے دوران ہزاروں افراد سڑکوں کے کنارے جمع ہو کر وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے نظر آئے۔ یہ روڈ شو بنارس لوکوموٹیو ورکس سے شروع ہو کر لاہرتارا، کچہری، امبیڈکر چوراہا، چوک گھاٹ، ٹیلیا باغ، لہورابیر اور میداگن جیسے اہم علاقوں سے گزرتا ہوا کاشی وشواناتھ دھام پر اختتام پذیر ہوا۔کاشی وشواناتھ مندر پہنچنے پر وزیر اعظم نے ویدک منتروں کی گونج میں خصوصی پوجا ادا کی اور مذہبی رسومات انجام دیں۔ مندر احاطے میں مقامی نمائندوں نے انہیں روایتی تحائف پیش کیے۔ وزیر اعظم نے ہاتھ جوڑ کر اور ہاتھ ہلا کر عوام کے جذبات کا جواب دیا اور مختصر طور پر بچوں سے بھی بات چیت کی۔اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نے وارانسی میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تقریباً 6350 کروڑ روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے اس موقع کو ‘‘ناری شکتی اور ترقی کا جشن’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی ترقی کا تصور نامکمل ہے۔ انہوں نے خواتین کو ‘‘وکست بھارت’’ کا سب سے مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسی سازی میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران خواتین کی بہبود کیلئے متعدد فلاحی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں کروڑوں بیت الخلا کی تعمیر، خواتین کے بینک کھاتوں کا قیام، گھروں کو بجلی اور پانی کی فراہمی، اور مختلف سماجی تحفظ اسکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے سکنیا سمردھی یوجنا، مدرا یوجنا، آیوشمان بھارت اور دیگر پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ریزرویشن کے نفاذ کو ایک اہم قومی ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی ملے گی۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت خواتین کے حقوق اور ان کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت کا ویژن ایک ایسا بھارت تعمیر کرنا ہے جہاں ہر شہری، خصوصاً خواتین، بااختیار، محفوظ اور خود کفیل ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی شرکت، شفاف طرز حکمرانی اور ترقیاتی اقدامات کے امتزاج سے ہی ملک کو ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکتا ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اتر پردیش کے ہردوئی میں گنگا ایکسپریس وے کا افتتاح کرتے ہوئے اسے ریاست کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دریائے گنگا صدیوں سے ملک کی زندگی کی علامت رہی ہے، اسی طرح یہ جدید ایکسپریس وے بھی ترقی کے نئے دور میں اتر پردیش کی ‘‘نئی لائف لائن’’ ثابت ہوگا۔اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے اس منصوبے کو وراثت اور ترقی کے حسین امتزاج کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا نام گنگا کے نام پر رکھا جانا نہ صرف ثقافتی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ترقی کے وڑن کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ریاست کے عوام کو اس بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ تقریباً 600 کلومیٹر طویل یہ ایکسپریس وے مغربی، وسطی اور مشرقی اتر پردیش کو آپس میں جوڑتے ہوئے لاکھوں افراد کے لیے سفر کو آسان بنائے گا اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ اس کے ذریعے میرٹھ، بلندشہر، ہاپوڑ، امروہہ، سنبھل، بدایوں، شاہجہاں پور، ہردوئی، اناؤ، رائے بریلی، پرتاپ گڑھ اور پریاگ راج سمیت متعدد اضلاع براہ راست مستفید ہوں گے۔انہوں نے زور دیا کہ یہ ایکسپریس وے محض ایک سڑک نہیں بلکہ نئے مواقع، سرمایہ کاری اور روزگار کا دروازہ ہے۔ اس کے کنارے صنعتی کوریڈورز کی ترقی سے فارما، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھے گی، جبکہ مقامی صنعتوں اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بھی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگی۔وزیر اعظم نے کسانوں کے حوالے سے کہا کہ بہتر رابطہ نظام کے باعث اب زرعی پیداوار کو بڑی منڈیوں تک کم وقت میں پہنچایا جا سکے گا، جس سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کولڈ اسٹوریج، لاجسٹکس اور زرعی انفراسٹرکچر کی ترقی سے دیہی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔اپنے خطاب میں انہوں نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘ڈبل انجن حکومت’’ کے تحت اب منصوبے صرف اعلان تک محدود نہیں رہتے بلکہ مقررہ وقت میں مکمل بھی کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنگا ایکسپریس وے کی تعمیر پانچ سال سے کم عرصے میں مکمل ہونا اسی عزم کی عکاسی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اتر پردیش تیزی سے ایک بڑی معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے اور اسے ایک ٹریلین ڈالر معیشت بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں صنعتی کاری، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں ایکسپریس ویز، ہوائی اڈوں اور صنعتی کوریڈورز کی تیزی سے بڑھتی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ اتر پردیش اب ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج کا اتر پردیش ماضی کی نسبت زیادہ مربوط، محفوظ اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں ریاست بن چکا ہے۔خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے کہا کہ گنگا ایکسپریس وے نہ صرف ریاست بلکہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع کو عوام اپنی محنت اور صلاحیت سے حقیقت میں بدلیں گے۔