چین کا نیوکلیر توانائی سے چلنے والا پہلا طیارہ بردار بحری جہاز تیار کرنے کا اشارہ

بیجنگ/ایجنسیز//چینی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ نئی ویڈیو نے ہلچل مچا دی ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ چین کا زیرِ تعمیر چوتھا طیارہ بردار بحری جہاز ممکنہ طور پر نیوکلیر توانائی سے چلنے والا پہلا طیارہ بردار بحری جہاز ہو گا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ان ٹو دی ڈیپ‘ کے عنوان سے جاری مذکورہ ویڈیو پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے قیام کی 77 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کی گئی ہے، جس میں چینی بحریہ کے ساحلی دفاع سے عالمی سمندری طاقت بننے تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں چین کی بلو واٹر نیوی کی صلاحیتوں کو بھی دکھایا گیا ہے، جو گہرے سمندروں میں طویل فاصلے تک کارروائیاں کرنے کی اہل ہے، اس میں مغربی بحرالکاہل میں ہونے والی مشقوں اور جدید عسکری ساز و سامان کے مناظر شامل ہیں۔ ویڈیو میں کمپاس کو مختلف نسل کے نیول افسران کے درمیان منتقل ہوتے دکھایا گیا ہے، جن کے نام چین کے 3 موجودہ طیارہ بردار جہازوں لیاو ننگ، شان ڈونگ اور فو جیان پر رکھے گئے تھے۔