سکینہ اِیتو نے چمب گنڈ کولگام میں اِضافی کلاس روم کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا

سکینہ اِیتو نے چمب گنڈ کولگام میں اِضافی کلاس روم کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا

معیاری تعلیم اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا

کولگام// وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے چمب گنڈ کولگام کا دورہ کر کے گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کے لئے اضافی کلاس روم عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معیاری تعلیم فراہم کرنے اور بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوںمیں لڑکیوں کے لئے تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اضافی کلاس روموں کی تعمیر سے جگہ کی کمی کو کم کرنے، طالبات کی داخلہ کو بڑھانے اور خواتین طالبات کی علمی ترقی کے لئے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے، مناسب تدریسی عملے کی دستیابی یقینی بنانے اور جموں و کشمیر میں جامع تعلیم کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔اُنہوں نے کہا، ’’تعلیمی شعبے میں باقاعدگی سے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جو براہِ راست بہتر تعلیمی نتائج اور نوجوان لڑکیوں کو بااِختیار بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔‘‘سکینہ ایتو نے حکومت کی مختلف کامیابیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے تمام شعبوں بالخصوص صحت اور تعلیمی شعبوں میں نمایاں بہتری اور اَپ گریڈیشن کی ہے۔اُنہوں نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقعہ پر مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل اور شکایات سنیں۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اُن کے تمام جائز و حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے جموں و کشمیر اور بالخصوص ضلع کولگام میں تعلیم اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے وزیر موصوفہ کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔