ستیش شرما نے شہید صوبیدار پروین سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا

نوجوانوں کو بہادروں کی میراث سے متاثر کرنے پر زور

سندر بنی// وزیربرائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اے آر آئی و ٹریننگزمحکمہ جات ستیش شرما نے گاؤں دیوک تحصیل سندر بنی میں شہیدی ستھل اور مجسمہ کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے شہید صوبیدار پروین سنگھ ویر چکر کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ایک پُر وقار تقریب میںمیجر جنرل جی ڈِی بخشی وائی ایس ایم ، ایس ایم نے یاد گار کی رسمی طور پر نقاب کشائی کی جس کا اہتمام کالی دھرا ایکس سروس مین ویلفیئر ایسوسی ایشن (کے اِی ڈبلیو اے ) نے 1947-48 کی تاریخی جموں و کشمیر آپریشنز کے دوران بہادر سپاہی کی عظیم قربانی کو خراج پیش کرنے کے لئے کیا تھا۔ستیش شرما نے سابق فوجیوں، ویر ناریوں، مقامی شہریوں اور معززین کی بڑی تعداد کے ہمراہ شہیدی ستھل پرگُل دائرے چڑھائے اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ قوم کی آزادی اور خودمختاری اس کے سپاہیوں کی بے مثال جرأت اور قربانیوں سے محفوظ ہے۔
وزیر موصوف نے کہا، ’’صوبیدار پروین سنگھ کی زِندگی بہادری، قربانی اور مادرِ وطن سے بے لوث محبت کی ایک داستان ہے۔ ایسے ہیروز ہماری قوم کے حقیقی ستون ہیں۔ ان کی میراث کو نہ صرف یاد رکھنا چاہیے بلکہ آنے والی نسلوں کو فعال طور پر آگے بڑھانا چاہیے۔‘‘ستیش شرما نے قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کے اہم کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے نوجوانوںکوہندوستان کے بہادروں کی متاثر کن داستانوں سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی، نظم و ضبط اور قومی ذِمہ داری کے جذبے کو پروان چڑھانے میں شہیدی ستھل اور یادگاریں اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ہمارے نوجوانوں کو اَپنے شہدأ کی زندگی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ اُن کی جرأت، دیانت داری اور بے لوث خدمت کی اَقدار کو اَپناتے ہوئے ہم ایک مضبوط اور متحد قوم کی تعمیر کر سکتے ہیں۔‘‘وزیرموصوف نے نوجوانوں پر مرکوز اَقدامات کو فروغ دینے، کھیلوں کے کلچر کو مضبوط بنانے اور قیادت، اِستقامت اور قومی فخر کو فروغ دینے کے لئے تربیتی پروگراموںکے دائرہ کار کو وسعت دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے آرمڈ فورسز اور سابق فوجیوں کی ملک کی سا لمیت کے تحفظ اور معاشرے کو نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے سے روشناس کرنے میں نمایاں خدمات کو بھی سراہا۔اُنہوںنے تقریب کے اِنعقاد اور اس طرح کے بامعنی اقدامات کے ذریعے شہدأ کی میراث کے تحفظ کیلئے کے اِی ڈبلیو اے کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کا آغاز قومی جھنڈا لہرانے سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیاجس سے ایک باوقار اور حب الوطنی سے بھرپور ماحول پیدا ہوا۔شہید کی عظیم قربانی کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی۔تقریب میں بالک یوگیشور جی، سینئر ممبران کے اِی ڈبلیو اے ، سابق فوجیوں ، ویر ناریوں اور سندر بنی و ملحقہ علاقوں کے شہریوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اُنہوں نے صوبیدار پروین سنگھ کی غیر معمولی بہادری کو یاد کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 22 ؍ستمبر 1948 کو لداخ سیکٹر میں نیمو ہل کے سامنے ایک مضبوط دشمنی مورچے کے خلاف جرأت مندانہ گشتی دستے کی قیادت کی۔اُنہوں نے غیر معمولی جرأت اور قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک طاقتور دشمنی چوکی پر دلیرانہ حملہ کیا اور اپنے ساتھیوں کی قیادت کرتے ہوئے اس مقام پر قبضہ حاصل کیا۔ان کی بے مثال بہادری اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں بعد از مرگ ویر چکر سے نوازا گیا جو ہندوستان کے اعلیٰ ترین جنگی اعزازات میں سے ایک ہے۔دن کے اوائل میں شہید کے مجسمہ کے ساتھ ایک شاندار جھانکی جلوس سندر بنی بازار سے گاؤں دیوک تک نکالا گیاجس میں سابق فوجیوں، ویر ناریوں، نوجوانوں اور مقامی شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔