گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سری نگر میں صوبائی سطح کا روڈ سیفٹی پروگرام منعقد

گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سری نگر میں صوبائی سطح کا روڈ سیفٹی پروگرام منعقد

سری نگر// گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سری نگر نے روڈ سیفٹی سالانہ ایکشن پلان 2024-25کے تحت ’’ سڑک سرکشا ، جیون رکشا‘‘ کے موضوع پرصوبائی سطح کا روڈ سیفٹی بیداری پروگرام منعقد کیا۔ اِس پروگرام کو سٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل جموں و کشمیرنے سپانسر کیا اور اِس میںصوبہ کشمیر کے مختلف کالجوں کے طالب علموں نے بڑھ چڑھ کر جوش وخروش کے ساتھ شرکت کی۔ اِس پروگرام کا آغاز ایک رسمی اِفتتاحی سیشن سے ہواجس میں میزبان کالج کی پرنسپل اور نوڈل پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) سیما ناز نے معزز مہمانوں، فیکلٹی، جیوری ممبران اور شرکأ کا والہانہ اِستقبال کیا ۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں غفلت، زیادہ رفتار اور توجہ ہٹانے والی ڈرائیونگ کی وجہ سے روڈ حادثات میں خطرناک اِضافے کے مسئلے کو حل کرنے کی فوری ضرورت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ روڈ سیفٹی ایک اِجتماعی سماجی ذِمہ داری ہے اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری بن کر مثبت تبدیلی کے محرک کا کردار ادا کریں۔ کنوینر روڈ سیفٹی کلب پروفیسر اعجاز احمد ڈار نے اَپنے افتتاحی کلمات میں روڈ ڈسپلن کے کلچر کو فروغ دینے میں مسلسل بیداری اور ذِمہ دارانہ ر ویے کی اہمیت اُجاگر کی۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ روڈ سیفٹی میں حقیقی تبدیلی صرف اِجتماعی کوششوں اور باخبر شراکت داری سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔ پروگرام میں اِنٹر کالج مقابلوں کا ایک سلسلہ پیش کیا گیا جس میں تقریری مقابلہ، پوسٹر سازی اور سلوگن رائٹنگ شامل تھے تاکہ طالب علموں کو روڈ سیفٹی کے موضوع پر تخلیقی اور فکری گفتگو کا موقعہ فراہم کیا جا سکے۔ شرکأ نے اَپنی کارکردگی اور پرزنٹیشنوںکے ذریعے معلومات، تخلیقی صلاحیت، اِنفرادیت اور سماجی شعور کا شاندارمظاہرہ کیا۔تقریری مقابلے میں جی ڈِی سی شوپیاں کے ملک محمد مسنون نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جی ڈِی سی اَجس کے ملک حاذق محی الدین اور مجید حسن خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پوسٹر سازی کے مقابلے میں جی سی ڈبلیو ایم اے روڈ سری نگر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جی ڈِیس ی ہندواڑہ کے قیصر رحمان اور جی ڈِی سی بارہمولہ کی صفیہ سجاد نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سلوگن رائٹنگ کے مقابلے میںجی ڈِی سی ڈِی ایچ پورہ کولگام عظمٰی یوسف نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جی ڈِی سی بارہمولہ کی فخرالنساء اور گاندھی میموریل کالج سری نگرکی ہبا مسعود دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔پروگرام کی نظامت کے فرائض سٹوڈنٹ ممبر روڈ سیفٹی کلب آئی اے ایس اِی سری نگرعارف رشید نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دِی۔اِختتامی سیشن میں ڈائریکٹر کالجز، محکمہ اعلیٰ تعلیم جموں و کشمیر پروفیسر (ڈاکٹر) شیخ اعجاز بشیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اُنہوں نے اَپنے خطاب میں ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی اور ہیلمٹ و سیٹ بیلٹ کے پہننے جیسے بنیادی حفاظتی اَقدامات اَپنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے طلبأ پر زور دیا کہ وہ روڈ سیفٹی بیداری کے سفیر بن کر ایک ذِمہ دار اور باخبر معاشرے کی تعمیر میں اَپنا کردار اَدا کریں۔پروگرام کا اِختتام فاتحین اور شرکأ میں اسناد اور ٹرافیاں اور نقد انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا جس کے بعد ڈاکٹر عرفات آرا خان نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔