امریکی فوج کیلئے خامنہ ای کا سخت الفاظ کا استعمال

تہران/ایجنسیز// ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ کو سخت لہجے میں خبردار کیا ہے کہ ایران کو ترنوالہ سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ دنیا کی سب سے طاقتور سمجھی جانے والی امریکی فوج کو بھی ایسا کاری وار لگ سکتا ہے کہ وہ دوبارہ سنبھل نہ سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی بھول ہے کہ وہ ایران کو کبھی ختم کر سکیں گے۔ گزشتہ 47 برسوں میں اس مقصد میں ناکامی خود اس بات کا ثبوت ہے۔آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی بحری بیڑے پر طنز کرتے ہوئے مزید کہا کہ طیارہ بردار جہاز خود خطرناک نہیں ہوتا بلکہ اصل خطرہ وہ ہتھیار ہوتا ہے جو ایسے جہاز کو سمندر کی تہہ میں پہنچا دے۔آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکی صدر بار بار اپنی فوج کو دنیا کی مضبوط ترین فوج قرار دیتے ہیں مگر تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے زعم میں مبتلا افواج کو بھی بعض اوقات ایسا تھپڑ پڑتا ہے جو انہیں اٹھنے کے قابل نہیں چھوڑتا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ خود امریکی صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ امریکہ گزشتہ کئی دہائیوں میں ایران کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔آیت اللہ خامنہ ای نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ میں بھی یہی کہتا ہوں کہ آپ آئندہ بھی ایران کو ختم نہیں کرسکیں گے۔انھوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ حالیہ ایران مخالف فسادات عام نوعیت کے نہیں تھے بلکہ ان میں ٹرمپ ذاتی طور پر ملوث رہے تاہم اس کے باوجود ایرانی قوم نے دباؤ کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے۔
جنیوا میں جاری امریکہ کے ساتھ ہونے والے نیوکلیئر مذاکرات کے حوالے سے خامنہ ای نے واضح کیا کہ مذاکرات کے نتائج کو پہلے سے طے کرنا غلط اور حماقت ہے۔