نئی دہلی: ملک کے 76 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر آج کرتویہ پتھ پر ہندوستان کی بھرپور ثقافتی تنوع، اتحاد، مساوات، ترقی اور فوجی صلاحیتوں کا انوکھا امتزاج نظر آیا۔یوم جمہوریہ کے موقع پر کرتویہ پتھ پر تقریب میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو مہمان خصوصی تھے ۔ اس سال قومی اہمیت کی تقاریب میں ‘عوامی شرکت’ بڑھانے کے مقصد کے مطابق پریڈ دیکھنے تقریباً 10,000 خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ ان میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اور سرکاری اسکیموں کا بہترین استعمال کرنے والے شامل ہیں۔یوم جمہوریہ کی پریڈ صبح 10.30 بجے شروع ہوئی اور تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔ تقریبات کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کے نیشنل وار میموریل کے دورہ سے ہوا، جہاں انہوں نے ملک کے ہیروز کو پھول چڑھائے ۔ اس کے بعد، وزیر اعظم اور دیگر معززین پریڈ دیکھنے کرتویہ پتھ سلامی ڈائس کی طرف بڑھے ۔اس کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو ‘روایتی بگی’ میں سوار ہو کر کرتویہ پتھ پر آئے ۔ قابل ذکر ہے کہ یہ روایت 40 سال کے وقفے کے بعد 2024 میں دوبارہ شروع کی گئی تھی۔ صدر کے باڈی گارڈ، ہندوستانی فوج کی سب سے سینئر ریجمنٹ کی طرف سے انہیں سیکورٹی فراہم کی گئی ۔ صدرجمہوریہ کی آمد کے بعد حسب روایت قومی پرچم لہرایا گیا، جس کے بعد 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور اور قومی ترانہ ہوا۔پریڈ کا آغاز ملک کے مختلف حصوں سے موسیقی آلات کے ساتھ ‘سارے جہاں سے اچھا’ بجاتے ہوئے 300 ثقافتی فنکاروں کے ذریعہ کیا گیا ۔ آلات کا یہ دیسی امتزاج ہر ہندوستانی کے دل میں راگ، تال اور امید سے گونج اٹھا۔ پرچم کی تشکیل میں 129 ہیلی کاپٹر یونٹ کے ایم آئی 17 1 وی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ قومی پرچم کے ساتھ ہیلی کاپٹروں کے اس گروپ کی قیادت گروپ کیپٹن آلوک اہلاوت کر رہے تھے ۔ اس کے بعد پریڈ کا آغاز صدر کی سلامی لینے کے ساتھ ہوا۔ اس سال پریڈ کی کمان دہلی ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل بھونیش کمار نے کی ۔ نیز دہلی ایریا ہیڈکوارٹرکے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سمت مہتا پریڈ میں سکینڈ ان کمانڈ رہے ۔اس کے بعد بہادری کے اعلیٰ ترین ایوارڈ یافتگان نے شرکت کی۔ ان میں پرم ویر چکر کے فاتح صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) یوگیندر سنگھ یادو (ریٹائرڈ) اور صوبیدار میجر سنجے کمار (ریٹائرڈ) اور اشوک چکر کے فاتح لیفٹیننٹ کرنل جس رام سنگھ (ریٹائرڈ) شامل تھے ۔اس سال انڈونیشین نیشنل آرمڈ فورسز کی مارچنگ ٹکڑی اور انڈونیشین ملٹری اکیڈمی کے فوجی بینڈ کے ذریعہ مارچ پاسٹ کیا گیا۔ انڈونیشیا کی مارچنگ ٹکڑی میں 352 ارکان تھے جس میں فوجی بینڈ میں 190 ارکان شامل تھے ۔ماؤنٹڈ کالم کی قیادت کرنے والی پہلی فوج کی ٹکڑی لیفٹیننٹ اہان کمار کی قیادت میں 61 کیولری کی رہی۔ پریڈ کے دوران ٹینک ٹی-90 (بھیشم)، بی ایم پی-2 سرتھ کے ساتھ ناگ میزائل سسٹم، برہموس، پناکا ملٹی لانچر راکٹ سسٹم، اگنیبان ملٹی بیرل راکٹ لانچر، آکاش ہتھیاروں کا نظام، انٹیگریٹڈ بیٹل فیلڈ سرویلنس سسٹم، آل ٹیرین وہیکل (چیتک)، لائٹ اسپیشلسٹ وہیکل (بجرنگ)، وہیکل ماونٹڈ انفنٹری مارٹر سسٹم (ایراوت)، کوئیک ری ایکشن فورس وہیکلز (نندی گھوش اور تریپورانتک) اور شارٹ اسپین برجنگ سسٹم کا بھی کرتویہ پتھ پر مظاہرہ کیا گیا۔کرتویہ پتھ پر بریگیڈ آف دی گارڈز، جاٹ رجمنٹ، گڑھوال رائفلز، مہار رجمنٹ، جموں و کشمیر رائفلز رجمنٹ، کور آف سگنلز کے دستوں نے مارچ کیا۔ کرتویہ پتھ پر پہلی بار تینوں فوجوں کی جھانکی تھی جو اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو ظاہر کر رہی تھی ۔ مضبوط اور محفوظ ہندوستان کے تھیم کے ساتھ، جھانکی میں تینوں افواج میں نیٹ ورکنگ اور مواصلات کی سہولت فراہم کرنے والے مشترکہ آپریشن روم کو دکھایا گیا۔ ارجن جنگی ٹینک، تیجس اے کے -2 لڑاکا طیارے ، جدید ہلکے ہیلی کاپٹر، ڈسٹرائر آئی این ایس وشاکھاپٹنم اور ایک ریموٹلی پائلیٹڈ ایئرکرافٹ کے ساتھ زمین، پانی اور فضا میں ایک مربوط آپریشن کا مظاہرہ کرکے میدان جنگ کا منظر پیش کیا، جو ملٹی ڈومین آپریشنز میں تینوں افواج کی ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے ۔اس کے بعد، ریٹائرڈ فوجیوں کی جھانکی نکلی، جو ‘ہمیشہ ترقی یافتہ ہندوستان کی طرف آگے بڑھنا’ کے موضوع پر تھی۔ تقریب میں کھیلوں میں ہندوستان کا نام روشن کرنے والے ایوارڈ یافتہ سابق فوجیوں کو بھی شامل کیاگیا۔ ان میں پدم شری ایوارڈ یافتہ صوبیدار مرلی کانت پیٹکر اور اعزازی کپتان جیتو رائے شامل ہیں۔ اس دوران ارجن اور کھیل رتن ایوارڈ یافتہ کرنل بلبیر سنگھ کلر، کیپٹن (آئی این) ہومی موتی والا، ماسٹر چیف پیٹی آفیسر تاجندر تور، ماسٹر وارنٹ آفیسر رام مہر سنگھ اور ونگ کمانڈر گرمیت سندھو بھی موجود تھے ۔ناری شکتی کی نمائندگی تینوں خدمات کی تجربہ کار خاتون افسران نے کی، جن میں لیفٹیننٹ کرنل رویندرجیت رندھاوا، لیفٹیننٹ کمانڈر منی اگروال اور فلائٹ لیفٹیننٹ رچی ساہا شامل تھیں ۔ پریڈ کے دوران ہندوستانی بحریہ کا دستہ 144 اہلکاروں پر مشتمل تھا، جس کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر ساحل اہلووالیہ نے کی اور اس میں لیفٹیننٹ کمانڈر اندریش چودھری، لیفٹیننٹ کمانڈر کاجل انیل بھرانی اور لیفٹیننٹ دیویندر پلاٹون کمانڈر شامل تھے ۔ اس کے بعد ایک بحری جھانکی دکھائی گئی، جس میں سمندری مفادات کی حفاظت کے قابل ایک مضبوط ‘خود انحصار’ بحریہ کو دکھایا گیا۔اس میں ڈسٹرائر آئی این ایس سورت، فریگیٹ آئی این ایس نیلگری اور آبدوز آئی این ایس واگھویر سمیت نئے مقامی فرنٹ لائن جدید جنگی جہازوں کی نمائش کی گئی۔ فضائیہ کے دستے میں چار افسران اور 144 اہلکار شامل تھے۔
مودی نے جنگی یادگار پر شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر نیشنل وار میموریل میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مودی نے 76 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر یہاں نیشنل وار میموریل جاکر شہید فوجیوں کو پھولوں کی چادر چڑھا کر ان بہادر فوجیوں کوخراج پیش کیا جنہوں نے ملک کیلئے عظیم قربانی دی۔اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور فوج کے اعلیٰ حکام موجود تھے ۔










