ہم ہندوستانی ہیں ہندو نہیں، بھاگوت کے بیان پر شدید ردعمل

اپوزیشن اتحاد انڈیا کو جمعیۃ علماء کی حمایت ، مولانا ارشد مدنی کا بیان

نئی دہلی: سرکردہ مسلم تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے سربراہ مولانا ارشد مدنی نے آر ایس ایس کے رہنما موہن بھاگوت کے بیان پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی ہیں ہندو نہیں۔ مدنی نے الزام لگایا کہ سنگھ ملک میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے تئیں اپنے عہد سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ اس سے پہلے موہن بھاگوت نے کہا تھا کہ ہندوستان (بھارت) ایک ‘ہندو قوم’ ہے اور تمام ہندوستانی ہندو ہیں اور یہ ایک سچائی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندو تمام ہندوستانیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان کو بے معنی قرار دیتے ہوئے مدنی نے کہا کہ ہم ہندوستانی ہیں، ہندو نہیں۔ جمعیت کے جاری کردہ بیان کے مطابق مدنی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا)’ کی بھی حمایت کی۔ یہ بھی کہا کہ ملک میں نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لیے سیاسی تبدیلی ضروری ہے۔اس دوران مدنی نے تقریباً چار سال قبل بھاگوت کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس اب ملک میں باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور غلط فہمیوں کو دور کا موہن بھاگوت کے ساتھ جو ان کی بات ہوئی تھی اس پر آر ایس ایس اب قائم نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ بھاگوت نے حال ہی میں کہا تھا کہ ہندوستان ایک ‘ہندو قوم’ ہے اور تمام ہندوستانی ہندو ہیں اور ہندو تمام ہندوستانیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ لوگوں کی امیدوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سنگھ کو اس سب کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ بھاگوت نے کہا تھا کہ ’ہمارے نظریہ‘ کی پوری دنیا میں بہت مانگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں اس نظریے کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سمجھ گئے ہیں۔ کچھ اسے قبول کرتے ہیں، کچھ نہیں کرتے۔راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے گزشتہ جمعہ کو کہا تھا کہ ہمارے ملک کا نام بھارت ہے۔ ہندوستان کے بجائے بھارت استعمال کیا جائے۔ ہمارے ملک کا نام صدیوں سے بھارت رہا ہے۔ زبان کوئی بھی ہو، نام ایک ہی رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک بھارت ہے۔ ہمیں ‘انڈیا’ لفظ کا استعمال بند کرنا ہوگا۔ بھاگوت نے کہا تھا کہ آج دنیا کو ہماری ضرورت ہے۔ ہمارے بغیر دنیا نہیں چل سکتی۔ ہم نے یوگا کے ذریعے دنیا کو جوڑا ہے۔