پٹنہ: بہار کے گورنر عارف محمد خان نے آج یوم جمہوریہ کے موقع پر دارالحکومت پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں پرچم کشائی کی۔مسٹر خان نے 76ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اتوار کو یہاں کے تاریخی گاندھی میدان میں ترنگا لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے ریاست کے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔ جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والے جنگجوؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد انہوں نے ریاست کی ترقی کے لیے چلائی جارہی اسکیموں کے بارے میں معلومات دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری سمیت حکومت کے دیگر وزراء اور معززین موجود تھے ۔اس بار 15 شعبہ جات کی جھانکیاں نکالی جائیں گی۔ گاندھی میدان کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ یوم جمہوریہ کے پروگرام کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیو گرافی کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے ۔ گاندھی میدان میں 128 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے یہاں ایک انے مارگ واقع وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر پرچم کشائی کی۔ انہوں نے ریاست اور ملک کے لوگوں کو یوم جمہوریہ پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔










