عام لوگوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ تشریف لائیں اور مناسب قیمتوں پر دستکاری کی مصنوعات خرید کر دستکاروں کی حمایت کریں
سرینگر//کشمیر ہاٹ میں آج 10 روزہ یو ٹی سطح کا گاندھی شلپ بازار کا افتتاح ہوا ، جہاں کشمیر کی مشہور دستکاری اور ہینڈ لوم مصنوعات کی نمائش کی گئی ۔ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس ،وزارت ٹیکسٹائل، منیجر سینٹرل مارکیٹ کے ساتھ ساتھ دیگر سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے ۔وزارت ٹیکسٹائل حکومت ہند کی طرف سے منظم کردہ اس بازار میں دستکاروں اور بنکروں کیلئے 70 اسٹالز لگائے گئے ہیں تا کہ وہ پشمینہ پر سوزنی کڑھائی ، کانی شال ، چین سٹچ اور عری ورک سمیت کشمیر کے خصوصی ہینڈی کرافٹس کی وسیع رینج کی نمائش کر سکیں ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس نے عام لوگوں سے گذارش کی کہ وہ کشمیر ہاٹ میں بڑی تعداد میں تشریف لائیں اور انتہائی مناسب قیمتوں پر مستند ہاتھ سے بنی مصنوعات خریدیں ۔ انہوں نے کہا ’’ دستکاروں سے براہ راست خریداری کر کے آپ محکمہ کے اس عزم کی حمایت کریں گے کہ دستکاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے ۔ ‘‘










