سوپورمیں زخمی ہواموٹر سائیکل سوار چل بسا
پلوامہ،سوپور//جنوبی ضلع کولگام کے کوسربل دمہال ہانجی پورہ علاقہ میں جمعرات کی سہ پہر کو ایک17 سالہ اسکوٹی سوار ٹرک کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔جے کے این ایس کومعلوم ہوا کہ ایک ٹرک زیرنمبرJK05E-5457 جو یاسین حکیم ولد غلام احمد سکنہ زونی مر سری نگر چلا رہا تھا، نے کوسربل دمہال ہانجی پورہ 17سالہ برہان رشید ولد عبدالرشید ٹھوکر ساکنہ ڈی ایچ پورہ، کولگام کی اسکوٹی زیرنمبرJK18C-3955کو ٹکر ماری۔ پولیس نے بتایاکہ اسکوٹی سوار کو شدید زخم آئے،اور اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے مزید کہاکہ قانون کے متعلقہ سیکشنز کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔ادھر شمالی کشمیر کے علاقہ سوپور میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا موٹر سائیکل سوار دم توڑ گیا۔معلوم ہواکہ بانڈی پورہ کا ایک موٹر سائیکل سوار، شبیر احمد صوفی ولد حبیب اللہ صوفی ساکنہ آیاتھ اللہ بانڈی پورہ ، جو شمالی کشمیر کے سوپور قصبہ کے وارپورہ علاقے میں گزشتہ پیر کو ایک کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اسے فوری طور پر ایس ڈی ایچ سوپور لے جایا گیا جہاں سے اسے SKIMS سورہ سری نگر ریفر کر دیا گیاتاہم جمعرات کو مذکورہ زخمی SKIMSمیں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔سوپورپولیس نے نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام طبی قانونی کارروائیوں کے بعد متوفی کی لاش کو آخری رسومات کے لئے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔جبکہ اس حادثے کے سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔










