پریاگ راج : محکمہ نیشنل گرین ٹریبونل کی جانب سے گنگا میں فیکل بیکٹیریا کی بڑھتی ہوئی سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ بھارتی نیشنل گرین ٹریبونل نے شہر پریاگ راج (الہٰ آباد) میں کمبھ میلے کے دوران گنگا میں فیکل بیکٹیریا اور آلودگی بڑھنے پر خطرہ کی گھنٹی بجا دی ہے۔ 3 فروری کو جاری کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگھم کے مقام پر جاری کمبھ ملیے کے دوران دریا کے پانی میں فیکل اور کولیفارم بیکٹیریا میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی اور جانوروں کے فضلے کے نمونوں والے پانی میں نہانا یا تیرنا ٹائیفائیڈ بخار، ہیپاٹائٹس، گیسٹرو، پیچش اور کان کے انفیکشن کا سبب بنتا ہے۔ ٹریبونل نے اتر پردیش حکومت سے اس آلودگی سے نمٹنے کے اقدامات پر وضاحت طلب کی ہے۔ دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے بھی موجودہ حکومت پر اس میلے کے دیگر انتظامات سمیت دریا کی صفائی کے ناقص انتظام پر تنقید کی ہے۔










