چیئرمین نے حقیقی معاملات کو جلد نمٹانے پر زور دیا
سری نگر//جموں و کشمیر اسمبلی کی پیٹشن کمیٹی کی پہلی میٹنگ آج اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی۔ کمیٹی کے چیئرمین پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں اراکین مشتاق گورو ، سلمان ساگر، وحید الرحمان پرہ ،میاں مہر علی ، وِجے کمار اور ٹھاکر رندھیر سنگھ نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری اسمبلی منوج کمار پنڈتا نے شرکأ کا خیرمقدم کیا اور کمیٹی کے کاموں اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔میٹنگ کے شروعات میں چیئرمین نے کمیٹی کے اراکین کی ذمہ داریوں اور رول پر تفصیل سے بات کی اور اُمید ظاہر کی کہ تمام اراکین باہمی ہم آہنگی سے کام کرتے ہوئے کمیٹی کی کارکردگی کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اُنہوں نے زور دے کر کہاکہ کمیٹی ہر درخواست کا باریک بینی سے جائزہ لے گی تاکہ اسے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے اور عوامی مسائل کا بروقت اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ کمیٹی اسمبلی میں ان شکایات پر بھی رپورٹ پیش کرے گی جوشواہد کی بنیاد پر پیش کی جائیں گی اور تدارک کے اقدامات تجویز کرے گی۔میٹنگ میں اراکین نے بحث میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مختلف متعلقہ مسائل پر اَپنی تجاویز اور آرأ کا تبادلہ کیا۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ کمیٹی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے گی اور باقاعدہ میٹنگ منعقد کرکے درخواستوں کے حل کے لئے لائحہ عمل مرتب کرے گی۔اُنہوں نے تمام اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور سنجیدگی سے انجام دیں اور اسمبلی کے وقار و اعتماد کو برقرار رکھیں۔ مزید برآں، اُنہوں نے کمیٹی کے مؤثر اور فعال کام کے لئے تمام اراکین اور متعلقہ افسران کی مربوط شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔










