پہلگام، اننت ناگ میں PMFME-ODOP اسکیم پر آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

پہلگام، اننت ناگ میں PMFME-ODOP اسکیم پر آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

مقامی کاروباریوں اور خودمعاون گروپوں کو مائیکرو فوڈ پروسیسنگ کے مواقع سے روشناس کرایا گیا

سرینگر/وی او آئی//ضلع اننت ناگ کے پہلگام بلاک میں آج وزیر اعظم کی مائیکرو فوڈ پروسیسنگ انٹرپرائزز (PMFME) اسکیم، جسے “ایک ضلع، ایک پروڈکٹ” (ODOP) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کے تحت ایک آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا اہتمام ضلع نوڈل ایجنسی (ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز) نے کیا، جس کا مقصد مقامی کاروباری افراد، خود معاون گروپوں (SHGs) اور چھوٹے پیمانے کے خوراک سازوں کو اس اسکیم کے تحت دستیاب مواقع اور فوائد سے آگاہ کرنا تھا۔ورکشاپ میں مختلف متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے جنہوں نے ممکنہ مستفیدین کو اپنی اپنی خدمات سے واقف کرایا۔ اسکیم کے تحت 35 فیصد کریڈٹ سے منسلک سبسڈی کی تفصیلات فراہم کی گئیں، جو کہ انفرادی یونٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے اور مشترکہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے (SHGs، ایف پی اوز اور کوآپریٹیوز کے ذریعے) تین کروڑ روپے تک فراہم کی جا سکتی ہے۔اسکیم صرف مالی معاونت تک محدود نہیں بلکہ منصوبہ بندی، بینک قرضہ حاصل کرنے میں مدد، برانڈنگ، پیکیجنگ اور مارکیٹنگ میں بھی مکمل تعاون فراہم کرتی ہے۔ پہلگام میں منعقدہ اس ورکشاپ میں 30 سے زائد شرکاء نے موقع پر ہی رجسٹریشن کرایا، جبکہ کئی دیگر مقامی کاروباریوں نے بھی مائیکرو فوڈ یونٹ قائم کرنے یا موجودہ یونٹس کو اپ گریڈ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔اننت ناگ میں اس اسکیم کے تحت خصوصی توجہ کے شعبوں میں فِش پروسیسنگ، بیکری اشیاء￿ ، اچار سازی اور پھل و سبزی پروسیسنگ شامل ہیں۔ اب تک ضلع میں 50 سے زائد مائیکرو فوڈ یونٹس PMFME اسکیم کے تحت قائم ہو چکے ہیں جنہیں تین کروڑ روپے کے قریب بینک قرضوں سے منسلک کیا جا چکا ہے، جب کہ مزید پانچ یونٹس نے حالیہ دنوں میں 50 لاکھ روپے سے زائد کا کریڈٹ حاصل کیا ہے۔ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے پروگرام مقامی ہنرمندوں اور کاروباریوں کو بااختیار بنانے، ان کی مہارت بڑھانے، مارکیٹ تک رسائی کو بہتر بنانے اور غیر منظم خوراکی صنعت کو منظم شکل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔