کشتواڑ//پرنسپل سیکرٹری سکول ایجوکیشن بشوا جیت کمار سنگھ جو ضلع کشتواڑ کے ترقیاتی کاموں اور دیگر متعلقہ امور کی نگرانی کے انچارج سیکرٹری بھی ہیں ، نے سب ڈویژن پاٖڈر کا دورہ کیا اور بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائینہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما ، ڈی ڈی سی کونسلر پاڈر ہری کرشن چوہان ، جوائینٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن کشتواڑ ۔ ڈوڈہ ۔ رام بن روشن لال ، ایس ڈی ایم پاڈر ورون جیت سنگھ چاڑک ، اے سی ڈی کشتواڑ کشور سنگھ کٹوچ ، ایس ای او کشتواڑ رشپال چوہان اور دیگر اعلیٰ افسران تھے ۔ ابتداً پرنسپل سیکرٹری نے اتھولی میں 25 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی عمارت کا دورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کام میں سرعت لائیں تا کہ عمارت کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے ۔ جی ایچ ایس ایس اتھولی پاڈر میں اپنے دورے کے دوران انہوں نے ادارے کے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور کام کاج کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مذکورہ ایچ آر کے سائنس بلاک کا معائینہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے 11.42 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ ڈگری کالج پاڈر کے جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا ۔ جی ڈی سی اتھولی پاڈر کے کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے زیر تعمیر انتظامی بلاک ، 40 بستروں والے گرلز ہوسٹل ، 60 بستروں والے بوائیز ہوسٹل کی فزیکل اور مالی حالت کا جائیزہ لیا اور ایکسین پی ڈبلیو ڈی کو کام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ بعد ازاں پرنسپل سیکرٹری نے گلاب گڑھ ۔ پلالی سڑک پر بلیک ٹاپنگ کے کاموں کا معائینہ کیا ۔ پی ایم جی ایس وائی کے حکام نے انہیں آگاہ کیا کہ اب تک 6 کلو میٹر سٹریچ کا بی ٹی کام مکمل ہو چکا ہے اور کنڈیل تک 9 کلو میٹر کے بقیہ حصے پر بی ٹی کا کام جلد مکمل ہو جائے گا ۔ انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار کو کئی گُنا تیز کیا جائے تا کہ اس ورکنگ سیشن کے دوران زیر التواء بی ٹی کام کو مکمل کیا جا سکے ۔ وہیں انہوں نے پی ایم جی ایس وائی حکام سے بھی کہا کہ وہ سڑک کے کنارے نکاسی کا مناسب نظام برقرار رکھیں ۔پرنسپل سیکرٹری نے گلاب گڈھ پاڈر میں پی آر آئیز ، سرکردہ افراد اور سماجی کارکنوں کے وفد سے بھی بات چیت کی جنہوں نے انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا ۔ ان کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا ۔










