4جون تک موسمی صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں / محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
سرینگر // وادی کشمیر میںجاری خراب موسمی صورتحال کے بیچ سوموار کو دن بھر ہلکی دھوپ چھائو کے کھیل کے بیچ جنوبی ضلع شوپیان اور پلوامہ کے ترال علاقے میں شدید نوعیت کی ژالہ باری سے کھیت کھلیانوں اور میوہ باغات میںکافی نقصان ہو گیا ہے ۔ ادھر ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک مزید بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیوں کی بھی پیشگوئی کرتے 3جون تک موسمی صورتحال ناساز رہنے کے امکانات ظاہر کئے ہیں ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں دن بھر دھوپ چھائو کا کھیل جاری رہا جس دوران ایک بار پھر بعد موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی اور کئی علاقوں میں شدید نوعیت کی ژالہ بار ی ہوئی ۔ کچھ دنوں کے خوشگوار موسم کے بعد بدھ کے بعد دوپہر وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو ا جو شام دیر گئے تک جاری رہا ۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں سے رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔ادھر شوپیان اور ترال کے علاقوں میں اس وقت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جب کچھ منٹوں تک شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی ۔ عین شاہدین کے مطابق ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف سفیدی چھا گئی ۔ انہوںنے بتایا کہ شدید نوعیت کی ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغات میں کافی نقصان ہو گیا جبکہ کھیت کھیلانوں میںکافی تباہی پہنچ گئی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 3جون تک موسمی صورتحال ناساز رہنے کی امید ہے۔ اس دوران کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں چند دنوں کے دوران بیشتر مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سوموار اور منگل کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ 4 سے 8 جون تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔تاہم، دوپہر کے بعد کچھ مقامات پر بارش یا موسلا دھار بارش کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 9 سے 10 جون تک بیشتر علاقوں میں خشک موسم جاری رہنے کا امکان ہے۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے 2 جون کو موسم سے متعلق ممکنہ خطرات کے بارے میں ایک احتیاطی ایڈوائزری جاری کی ہے، خاص طور پر دیر سے دوپہر اور شام کے اوقات میں۔انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں شدید بارش مقامی سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشیوں سے الرٹ رہنے اور خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔










