نمایاں کارناموں پر مُبارک باد دی اور مزید کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندرکمار چودھری نے جموں و کشمیر کی کمسن ووشو کھلاڑی جیناکشی مہرا سے ملاقات کی جنہوں نے 26 سے 31 ؍مئی 2025 ء کے دوران منعقدہ نیشنل ووشو چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت کرجموںوکشمیر کا نام روشن کیا۔10 سالہ جیناکشی اس سے قبل کھیلو انڈیا وومن لیگ نیشنل 2024گاندھی نگر گجرات اور نیشنل ووشو چمپئن شپ ترنتارن پنجاب میں بھی گولڈ میڈل جیت چکی ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے جیناکشی کی شاندار کامیابیوں کو سراہا اور ا نہیں بہترین کارکردگی کے لئے کوشش کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے جیناکشی کے والدین کو بھی مُبارک باد دی اور کہا کہ ان کا سپورٹ اور حوصلہ افزائی کے بغیر اتنی کم عمری میں اتنی بڑی کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور کہا کہ نوجوان اور سب جونیئر سطح کی خواتین کھلاڑیوں کے لئے کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔سریندر کمار چودھری نے زور دیا کہ خواتین کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کے لئے مکمل تعاون فراہم کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ، جدید بنیادی ڈھانچے اور کھلاڑیوں کے لئے مواقع فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اِعادہ کیا۔










