لیفٹیننٹ گورنر نے عقیدت مندوں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں دلی مبارک باد دی
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جیشٹھ اشٹمی کے موقعہ پر ضلع گاندر بل کے تولہ مولہ میںماتا کھیر بھوانی مندر میں حاضری دی اور جموں و کشمیر کے اَمن، خوشحالی اور تمام لوگوں کی بھلائی کے لئے دُعا کی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے عقیدت مندوں سے بات چیت کی اوراِس مبارک موقعہ پر اَپنی دِلی مبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے میلے کے پُرامن اور کامیاب اِنعقاد کو یقینی بنانے پر ضلعی اِنتظامیہ اور دیگر تمام متعلقہ اِداروں کی کوششوں کو سراہا۔اُنہوںنے میڈیا اَفرادسے بات چیت کرتے ہوئے ماتا کھیر بھوانی کے عقیدت مندوں کی یاترا کو آسان، محفوظ اور پریشانی کے بغیر بنانے کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’آج بڑی تعداد میں عقیدت مند ماتا کھیر بھوانی مندر میں جمع ہوئے جو ایک خوش آئند علامت ہے۔میرے خیال میں 22؍ اپریل کو ہوئے گھنائونے دہشت گردانہ حملے کے بعد پہلی بار اِتنی بڑی تعداد میں لوگ کسی ایک مقام پر جمع ہوئے ہیں۔ ماتا کھیر بھوانی جموں و کشمیر کے عوام پر اَپنا آشیرواد جاری رکھیں۔اُنہوں نے عقیدت مندوں اورکشمیری پنڈت کمیونٹی کے اَرکان سے بھی بات چیت کی اور اُنہیں ان کی طرف سے اُجاگر کئے گئے مسائل پر مناسب حل کرنے اور اَزالے کا یقین دِلایا ۔ اُنہوں نے ماتا کھیر بھوانی مندر میں یاتری بھون کی تعمیراتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ لیفٹیننٹ نے مزید کہا کہ سالانہ شری اَمرناتھ جی یاترا کی تیاریاں زور وں پر ہے ۔ یاتری نواس میں تعمیراتی کام بھی جاری ہے اور یاتریوں کی سکیورٹی کے لئے حکام پوری طرح چوکس ہیں۔ اُنہوں نے ملک بھر کے عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ شری اَمرناتھ جی یاترا میں شرکت کے لئے ضرور آئیں۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری، آئی جی پی وِی کشمیر کے بردی،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔










