مینمار اور تھائی لینڈ میں جمعہ کے روز زلزلہ کے زوردار جھٹکوں نے لوگوں میں زبردست خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق میانمار میں زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.7 درج کی گئی۔ اس کے جھٹکے تھائی لینڈ کی راجدھانی بینکاک تک محسوس کیے گئے۔ اس زلزلہ سے شدید جان و مال کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں ہزاروں جانوں کے نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ میانمار کی مقامی میڈیا نے ابتدائی طور پر کم از کم 15 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زلزلہ سے متعلق کئی ایسی ویڈیوز دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ان میں کچھ کثیر منزلہ عمارتیں زمین بوس ہوتی بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ ایک ویڈیو بینکاک کے چاٹوچک کی ہے جہاں 3 سیکنڈ کے اندر ایک فلک بوس عمارت تاش کے پتوں کی طرح منہدم ہو گئی۔ کچھ ویڈیوز میں لوگوں کی زبردست چیخ و پکار بھی دیکھنے کو مل رہی ہے، اور کچھ ویڈیوز میں میٹرو ٹرین کو خطرناک طریقے سے ہلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس زلزلہ کی تباہی سے متعلق خبر ملنے کے بعد ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے انتہائی فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میانمار اور تھائی لینڈ کے زلزلہ کے بعد پیدا حالات سے فکر مند ہوں۔ سبھی کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے، اور اس سلسلے میں ہم نے اپنے افسران سے تیار رہنے کو کہا ہے۔ پی ایم مودی نے مرکزی وزارت خارجہ سے میانمار اور تھائی لینڈ کی حکومتوں کے ساتھ رابطہ میں رہنے کی بھی بات کہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ آج جب میانمار میں زلزلہ آیا تو اس سے تھائی لینڈ اور چین کی زمین بھی لرز گئی۔ تینوں ممالک میں زلزلہ کے سبب ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا۔ خاص طور سے تھائی لینڈ اور میانمار میں کچھ عمارتیں بھربھرا کر گر گئیں اور کئی گھر ملبہ میں تبدیل ہو گئے۔ اس زلزلہ کا مرکز میانمار میں ہی تھا، جو کہ 10 کلومیٹر گہرائی میں بتایا جا رہا ہے۔ اس زلزلہ کا اثر ہندوستان کے بھی کچھ علاقوں میں محسوس کیا گیا ہے۔ میانمار میں آئے اس زلزلہ کی وجہ سے تھائی لینڈ کی راجدھانی خاص طور سے متاثر ہوئی ہے۔ وہاں سے دل دہلا دینے والے مناظر سامنے آئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق میانمار میں 7.7 اور 6.4 شدت کے 2 زلزلے محسوس کیے گئے، جس کا مرکز شہر سے محض 16 کلومیٹر شمال مغرب میں ساگائنگ کے پاس واقع تھا۔اس زلزلہ کے بعد تھائی لینڈ میں پروازوں کو رد کر دیا گیا ہے۔ بینکاک میں ایمرجنسی کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ میانمار میں اب تک کم از کم 15 لوگوں کی موت سے متعلق ایک رپورٹ بھی سامنے آئی ہے۔ عمارتوں کے منہدم ہونے کی وجہ سے ابھی تھائی لینڈ میں کئی لوگ لاپتہ ہیں۔ وہاں کی ریسکیو ٹیمیں راحت و بچاؤ کاری میں مصروف ہیں۔










