مہاکمبھ میں پھر لگی آگ، کئی خیمے خاکستر‘کوئی جانی نقصان نہیں

لکھنو :مہاکمبھ میں آج ایک بار پھر بڑا حادثہ پیش آیا جب کئی خیمے آگ کی نذر ہو گئے۔ آگ لگنے کا تازہ واقعہ مہاکمبھ کے سیکٹر 22 میں پیش آیا جہاں بڑی تعداد میں ٹینٹس موجود ہیں۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کا دستہ جائے وقوع پر پہنچا اور بڑی مشقتوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جب خیموں میں آگ لگی تو اس میں موجود سبھی بھگت باہر نکل گئے۔ لوگوں کی سمجھداری سے ایک بڑا حادثہ تو ٹل گیا لیکن جو چیزیں ٹینٹس میں موجود تھیں وہ جل کرراک ہو گئیں۔ مہاکمبھ کا سیکٹر 22 علاقہ جھوسی کے جھتناگ گھاٹ اور ناگیشور گھاٹ کے درمیان موجود ہے۔ جمعرات کو اچانک کچھ ٹینٹس میں آگ لگ گئی جس کے بعد لوگوں میں افرا تفری پیدا ہو گئی۔ فوراً لوگ ٹینٹس سے باہر کی طرف بھاگے اور فائر بریگیڈ کو بھی خبر دی گئی۔ آگ لگنے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 19 جنوری کو مہاکمبھ میں آتشزدگی کا بڑا حادثہ پیش آیا تھا۔ تب سیکٹر 19 میں بنائے گئے گیتا پریس کے پنڈالوں میں آگ لگ گئی تھی۔ آگ سے تقریباً 200 پنڈال جل گئے تھے اور کچھ سلنڈر کے دھماکہ کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔ اس حادثہ کے بعد آسمان میں دھوئیں کا غبار پھیل گیا تھا۔ حالانکہ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے وقت رہتے آگ پر قابو پا لیا تھا جس سے بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا تھا۔