ترال:ریچھ کے حملے میں دوشیزہ زخمی

منی گام گاندربل میں ریچھ پکڑاگیا،رواںماہ چوتھی کارروائی

سری نگر//شمال وجنوب جنگلی جانوروں کو پکڑنے کی جاری مہم کے دوران بدھ کی صبح وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے منی گام علاقے میں ایک جنگلی ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ یہ وادی کے3 مختلف اضلاع میں رواں ماہ اب تک پکڑا جانے والاچوتھا جنگلی ریچھ ہے کیونکہ اسے پہلے8نومبرکو ضلع بانڈی پورہ کے آری گام علاقے میں ایک جنگلی ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا تھاجبکہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے علاقہ کوکا گنڈ ویری ناگ میں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے اتوار اورسوموارکو2 ریچھوں کو زندہ پکڑلیا۔جے کے این ایس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ منی گام گاندربل میں ایک ریچھ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے ایک پنجرہ لگا دیا تھا۔ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح ریچھ اس پنجرے میں پھنس گیا،اوراس ریچھ کو زندہ پکڑ نے کے بعد داچھی گام نیشنل پارک منتقل کیا گیا۔توجہ طلب ہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ برس سے جنگلی جانوروں کا آبادی والے علاقوں میں گھومنا پھرنا ایک معمول سا بن گیا ہے۔وادی کے کئی علاقوں میں جنگلی جانوروں خاص کر آدم خور تیندوں نے لوگوں کو جانی ومالی نقصان سے دو چار بھی کر دیا۔جنگلوںیا نرسریوںکے نزدیک واقع بستیوںمیں رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلی جانور اب بالائی علاقوں تک ہی محدود نہیں رہ گئے ہیں بلکہ میدانی علاقوں میں بھی نمودار ہونے لگے ہیں جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پایاجاتاہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلوں کی کٹائی اور وہاں مناسب خوراک اور پناہ کی عدم دستابی جنگلی جانوروں کے بستیوں کی طرف رخ کرنے کی بنیادی وجہ ہے۔