شیتل دیوی کا اَرجن ایوارڈ پورے جموں و کشمیر کے لئے باعث فخر ہے
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے بخشی سٹیڈیم میں 75ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے موقعہ پر قومی پرچم لہرایا۔اُنہوں نے پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پی، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، جے کے اے پی، ایس ایس بی، آئی ٹی بی پی، آئی آر پی، خواتین دستہ، فارسٹ پروٹیکشن فورس اور این سی سی کے دستوں سے سلامی لی۔

مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لوگوں ، آرمڈ فورسز، نیم فوجی دستوں، مرکزی اور یوٹی سطح کے پولیس دستوں کے اَرکان کو ہماری قوم کی سلامتی اور سا لمیت کو برقرار رکھنے میں ان کے تعاون کے لئے دِلی مُبارک باد پیش کی۔اُنہوںاپنے خطاب میں کہا کہ اس برس ہمارا ملک ’’اِنڈیا ۔ مدر آف ڈیموکریسی‘‘ اور ’’وِکست بھارت‘‘ کے موضوع کے تحت یہ دِن منا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 1950 میں ہندوستان کا آئین نافذ ہوا، ڈاکٹر بی آر امبیدکر کی دور اندیش قیادت میں تیار کردہ آئین نے نہ صرف بنیادی حقوق اور آزادیوں کی ضمانت دی بلکہ اِنصاف ، مساوات اور بھائی چارے کی اَقدار کو بھی شامل کیا۔مشیر موصوف نے شہریوں پر زور دیا کہ اَپنے آئین کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ ہم سب کو اِنصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے تئیں اَپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہئے اور عدم رواداری اور امتیازی سلوک کے خلاف ایک ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، ایسے ماحول کو فروغ دینا چاہیے جہاں ہر شہری ذات پات، مسلک یا صنف سے بالاتر ہوکر ترقی کر سکے۔

مشیر راجیو رائے بھٹناگر مزید کہا کہ عالمی چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے ہندوستان نے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور تکنیکی ترقی سے لے کر اقتصادی ترقی تک، ہماری عظیم قوم بین الاقوامی سطح پر ترقی کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی معیشت مستحکم رفتار سے ترقی کر رہی ہے اور عالمی مالیاتی انحطاف کے دوران مشکل حالات میں بھی ہماری کارکردگی قابل ستائش ہے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر میں جاری ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ چار، پانچ برسوںسے بڑے پیمانے پر ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ صحت شعبے سے لے کر فزیکل انفراسٹرکچر تک اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے ذریعے شہریوں پر توجہ مرکوز کرنے سے لے کر عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی تک، ہر شعبے نے ترقی کی پرواز کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی ترقی پذیر ملک کی ترقی کے لئے صحت عامہ کا مضبوط بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں عالمی معیار کی صحت سہولیات کے قیام میں بڑے پیمانے پر زور دیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں دو ایمز، دو سٹیٹ کینسر انسٹی چیوٹ اور دیگر جدید صحت سہولیات قائم کی جارہی ہیں۔مشیرراجیورائے بھٹناگر نے دیگر کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی ۔اُنہوںنے اپنے خطاب میں سڑک اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی۔ اُنہوں نے کہا کہ سڑکوں اور پلوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کسی بھی خطے کی مجموعی ترقی کے لئے ضروری ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مختلف فلیگ شپ پروگرام اور منصوبے جاری ہیں اور کچھ مکمل ہوچکے ہیں جو پورے جموں و کشمیر میں ٹرانسپورٹیشن کے مجموعی منظر نامے کو بہتر بناتے ہیں۔مشیر موصوف نے جل جیون مشن کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی طرف سے شروع کیا گیا ایک فلیگ شپ پروگرام جل جیون مشن پورے جموں وکشمیر میں آسانی سے آگے بڑھ رہا ہے اور جموںوکشمیر نے اَپنے تمام 18.70لاکھ دیہی گھرانوں کو مناسب مقدار میں پانی کی فراہمی کے قابل نل پانی کنکشن فراہم کر کے ایف ایچ ٹی سی فراہم کرنے کا ہدف رکھا ہے ۔اُنہوںمزید کہا کہ جموں و کشمیر میں زرعی شعبے میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ زراعت کے لئے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام جو اپریل 2023 ء میں شروع کیا گیا تھا، کو کسانوں کی جانب سے زبردست حمایت حاصل ہوئی ہے اور گزشتہ نو مہینوں میں کسان ساتھی پورٹل پر کسانوں اور نوجوانوں کی جانب سے 50,000 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 14,000 درخواستوں کو منظور کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی بھر میں یونٹوں کو قایم کئے جارہے ہیں۔ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں و کشمیر کے فروغ پذیر سیاحتی شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم انڈسٹری جموں و کشمیر یوٹی میں سب سے زیادہ فروغ پانے والے شعبے میں سے ایک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ صنعت جموں و کشمیر کے تمام خطوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی اور تبدیلی میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے کیونکہ قابل ذکر آبادی براہ راست یا بالواسطہ طور پر سیاحتی صنعت میں مصروف ہے۔اُنہوں نے کھیلوں میں نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اَمور جوان و کھیل کود محکمہ نے جموں و کشمیر یوٹی کے تمام 20 اضلاع میں کھیلوں کا مضبوط بنیادی ڈھانچہ بنایا ہے، یہ صرف پی ایم ڈی پی ،کھیلو انڈیا سکیموں اوریوٹی کیپکس بجٹ کے تحت مرکزی حکومت کی جانب سے واگزار فنڈنگ کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ایم ڈی پی کے تحت ایم اے سٹیڈیم جموں اور بخشی سٹیڈیم سری نگر میں بین الاقوامی سطح کے کرکٹ اور فٹ بال سٹیڈیم قائم کئے گئے ہیں۔ اِس کے علاوہ تمام 20 اضلاع میںکثیر المقاصد انڈور سپورٹس ہال بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے اپنے راکیش کمار اور شیتل دیوی نے انفرادی زمرے میں بالترتیب چاندی اور سونے کا تمغہ جیتا اور ہناگزو چین میں منعقدہ پیرا ایشین گیمز 2023 ء میں آرچری میں مکسڈ ٹیم گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے لئے فخر کا لمحہ ہے کہ شیتل دیوی کو صدر جمہوریہ ہند نے ارجن ایوارڈ سے نوازا اور مٹی کی بیٹی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مشیر موصوف نے اپنے خطاب میں دیگر شعبوں میں قابل ذکر ترقی اور کامیابیوں کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی۔اس موقعہ پر جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لنگویجز کے فنکاروں ،سکول اور کالج کے طلبأ نے روایتی روف، بانڈہ پاتھر، دمبالی اور دیگر کی شکل میں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جس سے حاضرین محظوظ و مسحور ہوئے۔اس موقعہ پر مشیر موصوف نے بیسٹ مارچ پاسٹ، بہترین ثقافتی پروگرام اور دیگر زمروںکے فاتحین کو ایوارڈوں سے بھی نوازا۔اِس موقعہ پرڈویژنل کمشنر کشمیر، آئی جی پی کشمیر، انتظامی سیکرٹریز،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، مختلف محکموں کے سربراہان، سرکاری افسران اور بڑی تعداد میں لوگ اور سکولی بچے موجود تھے۔










